چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کا محمدی اسکول کا دورہ، از سر نو تعمیر کے کام کا جائزہ
کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے یونین کمیٹی 2 میں قائم محمدی اسکول کا دورہ کیا اور کلک کی جانب سے اسکول کی از سر نو تعمیر اور بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انکے ہمراہ ہو سی 2کے وائس چیئرمین فیصل ناگوری ،ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد رئیسی بھی موجود تھے اس موقع پر چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے اسکول کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور کلک کی جانب سے از سر نو تعمیر محمدی اسکول کی تکمیل کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بریفنگ حاصل کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ طلبہ کو بہتر، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہیں
منصور احمد شیخ نے کہا کہ معیاری تعلیم کے لیے بہتر تعلیمی انفراسٹرکچر بنیادی اہمیت رکھتا ہے، جبکہ سرکاری و عوامی تعلیمی اداروں کی بہتری اور انہیں جدید سہولیات سے آراستہ کرنا بلدیاتی اداروں کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کی تزئین و آرائش محض عمارتوں کی خوب صورتی تک محدود نہیں بلکہ اس کا مقصد طلبہ کے لیے ایسا مثبت اور سازگار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں وہ بہتر انداز میں تعلیم حاصل کر سکیں۔
چیئرمین صدر ٹاؤن نے محمدی اسکول کی بہتری کے لیے یونین کمیٹی 2 اور کلک کے باہمی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف اداروں کے اشتراک سے تعلیمی سہولیات میں بہتری لانے کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صدر ٹاؤن کی حدود میں تعلیمی اداروں کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور طلبہ کے لیے بہتر تعلیمی ماحول کے قیام کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
