صحت کے شعبے  کے عملے کی تربیت ادارے کی کارکردگی اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتہائی ضروری ہے، ہادی بخش کلہوڑو

صحت کے شعبے  کے عملے کی تربیت ادارے کی کارکردگی اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتہائی ضروری ہے، ہادی بخش کلہوڑو

سیسی ہیڈ آفس میں ہسپتال کے عملے کیلئے منعقدہ چار روزہ تربیتی کورس کے آخری روز شرکاء سے خطاب ،

کراچی:کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) ہادی بخش کلہوڑو نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے عملے کی مسلسل تربیت ادارے کی کارکردگی اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ یہ بات انہوں نے سیسی ہیڈ آفس میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ہسپتال کے دیگر عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے منعقدہ چار روزہ تربیتی کورس کے اختتامی روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے تربیتی کورس کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے ایسے پروگرامز عملے کی پیشہ ورانہ استعداد میں مزید اضافے کا باعث بنتے ہیں۔

یہ تربیتی کورس “SESSI in collaboration with International Labour Organization (ILO)” کے تحت منعقد کیا گیا، جس کا مقصد ہسپتال کے عملے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق صحت، حفاظت اور کام کی جگہ سے متعلق بہترین اصولوں سے روشناس کرانا تھا۔

تربیتی کورس کے آخری روز بانی و چیف ایگزیکٹو TARMS پاکستان اور آئی ایل او کے ماسٹر ٹرینر سعید پاشا نے “Working Time and Family Friendly Measures” کے موضوع پر لیکچر دیا، جس میں کام اور خاندانی زندگی میں توازن، ملازمین کی فلاح و بہبود اور خاندانی دوستانہ اقدامات کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ سیسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور آئی ایل او کے ماسٹر ٹرینر کامران حسن نے “Selecting, Storing and Managing Equipment and Supplies” کے موضوع پر لیکچر دیتے ہوئے طبی آلات اور ضروری سامان کے درست انتخاب، محفوظ ذخیرہ، مناسب دیکھ بھال اور مؤثر انتظام کے اصول بیان کیے۔

اختتامی سیشن میں سیسی کے میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر کامران اعوان نے بھی شرکت کی۔ انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی کورسز انہیں دورِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ تربیتی کورس کے دوران حاصل ہونے والے علم اور تجربات کو اپنی عملی ذمہ داریوں میں بروئے کار لاتے ہوئے کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔

چار روزہ تربیتی کورس کے اختتام پر کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے آئی ایل او کے ماسٹر ٹرینر سعید پاشا کو سیسی کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں