لانڈھی اور کورنگی کے نوجوانوں کے لیے پاکستان آرمی میں شمولیت کا شاندار اور سنہری موقع
کراچی: لانڈھی اور کورنگی کے نوجوانوں کے لیے پاکستان آرمی میں شمولیت کا شاندار اور سنہری موقع فراہم کرتے ہوئے ریکروٹمنٹ کیمپ کا انعقاد 10 ستمبر 2026 کو ٹاؤن میونسپل کارپوریشن (TMC) کورنگی میں کیا گیا۔
ریکروٹمنٹ کیمپ میں اہل نوجوانوں کو پاکستان آرمی میں شمولیت کے حوالے سے رجسٹریشن اور ابتدائی رہنمائی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر نوجوانوں میں بھرپور جوش و جذبہ دیکھنے میں آیا۔ پاکستان آرمی میں شمولیت کے لیے عمر کی حد ½17 سال سے 23 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ تعلیمی قابلیت میڈل/میٹرک اور قد کم از کم 5 فٹ 6 انچ ہونا ضروری ہے۔
اس موقع پر چیئرمین كورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور انہیں مثبت، تعمیری اور باوقار راستوں کی جانب آگے بڑھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاک فوج پاکستان کی عزت، وقار اور دفاع کی محافظ ہے، فوج میں شمولیت نوجوانوں کو نظم و ضبط، کردار، قیادت اور خدمتِ وطن کا جذبہ فراہم کرتی ہے۔ پاک فوج میں شمولیت صرف ایک ملازمت نہیں بلکہ ملک کی خدمت، قوم کا فخر اور روشن مستقبل کا بہترین موقع ہے۔لانڈھی اور کورنگی کے باصلاحیت نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاک فوج کا حصہ بن کر وطن عزیز کی خدمت کر سکتے ہیں۔
