نیو کراچی ٹاؤن میں ملازمین اور افسران کے لیے بائیومیٹرک حاضری نظام کا باقاعدہ آغاز
کراچی: نیو کراچی ٹاؤن میں ملازمین اور افسران کی حاضری کو شفاف، منظم اور باقاعدہ بنانے کے لیے بائیومیٹرک حاضری نظام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس جدید نظام کے تحت ملازمین کی آمد و رفت کا درست ریکارڈ محفوظ ہوگا، جس سے دفتری نظم و ضبط اور کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
ابتدائی مرحلے میں ملازمین کی بڑی تعداد کے باعث رش دیکھنے میں آیا، تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ عارضی صورتحال ہے اور مرحلہ وار مزید بائیومیٹرک مشینیں، بہتر انتظامات اور اضافی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ملازمین کو آسانی اور تیز رفتار سروس میسر آ سکے۔
بائیومیٹرک نظام سے وقت کی پابندی کو فروغ ملے گا، غیر حاضر یا گھر بیٹھ کر تنخواہ لینے والے عناصر کی حوصلہ شکنی ہوگی، جبکہ باقاعدگی سے فرائض انجام دینے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی ہوگی۔ اس کے ساتھ ادارے کو حاضری کا درست ریکارڈ، بہتر انتظامی نگرانی اور عوامی خدمات کی مؤثر فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔
انتظامیہ کے مطابق یہ جدید نظام نیو کراچی ٹاؤن میں شفافیت، احتساب اور بہتر انتظامی امور کی جانب ایک اہم اور مثبت پیش رفت ہے، جس کے فوائد آئندہ دنوں میں ملازمین اور شہریوں دونوں تک پہنچیں گے۔
