نئے تعلیمی سال سے قبل گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے تعلیمی کارڈ کا اجرا کیا جائے گا:نصرت اللہ
کراچی: چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے اعلان کیا ہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے تعلیمی کارڈ کا اجرا کر دیا جائے گا، جبکہ تعلیمی کارڈ کے لیے رجسٹریشن کا عمل فروری 2027 سے شروع ہوگا۔رواں سال گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے تین ہزار بچوں میں تعلیمی کارڈ تقسیم کیا گیا تھا اور انشاءاللہ اس سال اس تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا انہوں نے یہ اعلان گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے وینڈرز میں چیکس کی تقسیم کے موقع پر کیا۔
اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کامران سراج نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ تعلیمی کارڈ کا اجرا ایک اہم اور مثبت قدم ہے جس سے طلبہ اور ان کے والدین کو تعلیمی اخراجات کے حوالے سے سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی ترقی کا انحصار معیاری تعلیم پر ہے، اس لیے ضرورت مند اور مستحق طلبہ کو تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے تعلیمی میدان میں مزید اقدامات کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔
چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ تعلیم کے فروغ اور طلبہ کو سہولیات کی فراہمی گلبرگ ٹاؤن کی ترجیحات میں شامل ہے۔ تعلیمی کارڈ کے اجرا کا مقصد ضرورت مند طلبہ کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنا ہے تاکہ کوئی بھی طالب علم مالی مشکلات کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں، سرکاری اسکولوں میں تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ طلبہ اور اساتذہ کو جدید سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ تعلیمی کارڈ کا اجرا بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔
اس موقع پر وینڈرز میں چیکس تقسیم کیے گئے۔ چیئرمین نصرت اللہ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن عوامی خدمت کے منصوبوں کو شفاف انداز میں آگے بڑھانے کے لیے کوشاں ہے اور دستیاب وسائل کو شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔تعلیم کارڈ کے تمام وینڈرز میں چیکس کی تقسیم مکمل کر دی گئی۔ امیرِ ضلع کامران سراج، ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ اور سابق ٹاؤن ناظم گلبرگ فاروق نعمت اللہ نے ڈپارٹمنٹ ہیڈز کی موجودگی میں آصف بک اسٹور، طارق بکس، ماریہ اینڈ ہارس یونیفارم، ناز بوٹ ہاؤس، اے آئی انٹرپرائزز اور بن سلطان بیگز کے مالکان کو چیکس پیش کیے. تعلیم کارڈ کے ذریعے فیڈرل بی ایریا کے ہزاروں طلبہ مستفید ہوئے، جنہوں نے منتخب دکانوں سے اپنی تعلیمی ضروریات کی اشیاء خریدیں۔
