چئیرمین لانڈھی کی جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں میں شرکت، شرکاء میں شربت اور نیاز تقسیم
چئیرمین لانڈھی عبدالجمیل خان کی امیر جماعت اسلامی مرزا فرحان بیگ۔ ٹی ایم سی محمد نواز خان مہر جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں میں شرکت، شرکاء میں شربت، ٹھنڈا پانی اور نیاز تقسیم
کراچی: چئیرمین لانڈھی عبدالجمیل خان نے حنفیہ عالمگیر مسجد کے تحت جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں نکالے جانے والے جلوسوں میں شرکت کی اور عاشقانِ رسول ﷺ کے جوش و خروش کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے جلوس کے مختلف راستوں اور استقبالیہ کیمپوں کا دورہ کیا، جہاں شرکاء میں شربت، ٹھنڈا پانی اور نیاز تقسیم کی گئی۔
چئیرمین لانڈھی عبدالجمیل خان نے جلوس کے منتظمین، علمائے کرام اور علاقہ مکینوں سے ملاقات بھی کی اور جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ امتِ مسلمہ کے لیے محبت، امن، بھائی چارے اور اتحاد کا عظیم پیغام ہے۔ سیرتِ طیبہ ﷺ پر عمل پیرا ہو کر ہی ہم ایک بہترین اور فلاحی معاشرے کی تشکیل کر سکتے ہیں۔
عبدالجمیل خان نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات انسانیت کی خدمت، عدل، مساوات، محبت اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ جشنِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ان عظیم تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانے کا عہد کریں۔
انہوں نے کہا کہ لانڈھی ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں اور محافل کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ عاشقانِ رسول ﷺ کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے صفائی، سڑکوں اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ عملے کو بھی ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر شرکاء اور علاقہ مکینوں نے چئیرمین لانڈھی عبدالجمیل خان کی جلوس میں شرکت اور استقبالیہ کیمپ پر شرکاء کی خدمت کو سراہا۔
