منگھوپیر ٹاؤن میں جشنِ آزادی کے حوالے سے شاندار، پروقار اور پُرجوش تقریب کا انعقاد

منگھوپیر ٹاؤن میں جشنِ آزادی کے حوالے سے شاندار، پروقار اور پُرجوش تقریب کا انعقاد

کراچی: محمد حسین بوائز اینڈ گرلز ایلیمنٹری اسکول،  منگھوپیر ٹاؤن میں جشنِ آزادی کے حوالے سے ایک شاندار، پروقار اور پُرجوش تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی نے خصوصی شرکت کی اس موقع پر ان کے ہمراہ  وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف  اسکول کے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور دیگر معززین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنا، پاکستان کے قیام کی جدوجہد اور آزادی کی قدر و اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔

جشنِ آزادی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں طلبہ و طالبات نے اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملی نغمے، تقاریر اور خوبصورت و سبق آموز ٹیبلوز پیش کیے۔ بچوں کی جانب سے پاکستان کے قومی پرچم کے ساتھ پیش کی جانے والی پرفارمنسز نے تقریب میں موجود شرکاء کے دلوں میں وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبات کو مزید اجاگر کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد طلبہ کی جانب سے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی گئی۔ تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسول ﷺ کے بعد جشنِ آزادی کی مناسبت سے طلبہ و طالبات نے تقاریر پیش کیں، جن میں پاکستان کے قیام، آزادی کی جدوجہد، بانیانِ پاکستان کی قربانیوں، قومی ذمہ داریوں اور وطنِ عزیز سے محبت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔

اس موقع پر طلبہ و طالبات کی جانب سے پیش کیے گئے ٹیبلوز تقریب کی خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ ٹیبلوز کے ذریعے پاکستان کی آزادی کی جدوجہد، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے خوبصورت پیغامات پیش کیے گئے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ بچوں کی پُرجوش اور خوبصورت پرفارمنس نے تقریب کے ماحول کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کردیا۔

بعد ازاں طلبہ و طالبات نے مختلف ملی نغمے پیش کیے، جن میں وطنِ عزیز پاکستان سے محبت، قومی اتحاد اور ملکی ترقی و خوشحالی کے جذبات نمایاں تھے۔ ملی نغموں کے دوران اسکول میں موجود طلبہ، اساتذہ اور دیگر شرکاء نے بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا اور قومی پرچم لہرا کر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم جدوجہد، لازوال قربانیوں اور بے مثال عزم کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔ آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے اور اس کی قدر و حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے حصول کے لیے بے شمار قربانیاں دیں، اس لیے آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ نئی نسل پاکستان کا مستقبل ہے اور بچوں کے دلوں میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی، نظم و ضبط، برداشت اور مثبت سوچ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی صرف ایک دن منانے کا نام نہیں بلکہ یہ دن ہمیں اس عزم کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے تعلیم کو بنیادی حیثیت حاصل ہے۔ ہمارے تعلیمی ادارے صرف کتابی تعلیم فراہم کرنے کے مراکز نہیں بلکہ مستقبل کے ذمہ دار شہریوں کی کردار سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی تاریخ، ثقافت، قومی اقدار اور اپنے فرائض و ذمہ داریوں سے بھی آگاہ ہونا چاہیے۔

حاجی نواز علی بروہی نے طلبہ و طالبات کی جانب سے پیش کیے جانے والے ٹیبلوز، ملی نغموں اور تقاریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کا جذبہ اور صلاحیتیں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا کہ انہوں نے بچوں کی رہنمائی اور تربیت کے ذریعے جشنِ آزادی کی اس تقریب کو یادگار بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی، استحکام اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے وطنِ عزیز پاکستان کی تعمیر و ترقی، قومی اتحاد اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

جشنِ آزادی کی یہ تقریب اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ پاکستان ہماری پہچان، ہماری امید اور ہمارا مستقبل ہے، اور ہم سب مل کر اسے ایک مضبوط، خوشحال، پرامن اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں