بچوں کو باوقار اور خودمختار مستقبل کے مواقع فراہم کرنا ہمارا عزم ہے:وزیراعلیٰ سندھ

بچوں کو باوقار اور خودمختار مستقبل کے مواقع فراہم کرنا ہمارا عزم ہے:وزیراعلیٰ سندھ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورنگی میں سی سینٹر فار آٹزم ری ہیبلیٹیشن اینڈ ٹریننگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج کا دن فخر، تشکر اور امید کا دن ہے، ہم صرف رہائشی مرکز کا افتتاح نہیں کر رہے، امید کے نئے دروازے کھول رہے ہیں۔ سی-آرٹس کی نئی عمارت سندھ حکومت کا ایک شاندار کارنامہ ہے۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نیا رہائشی مرکز آٹزم سے متاثرہ بچوں اور ان کے خاندانوں کو بااختیار بنانے کے عزم کا اظہار ہے۔ 2018ء میں قائم ہونے والا سی-آرٹس آج پاکستان کا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ادارہ بن چکا ہے۔ سی-آرٹس اب تک 1500 سے زائد بچوں اور ان کے خاندانوں کو خدمات فراہم کر چکا ہے۔آٹزم سے متاثرہ ہر بچے کو معیاری تشخیص، تعلیم، بحالی اور ضروری مہارتوں کی تربیت فراہم کریں گے۔ بچوں کو باوقار اور خودمختار مستقبل کے مواقع فراہم کرنا ہمارا عزم ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے سی-آرٹس رہائشی مرکز میں 300 بچوں کے قیام کی گنجائش ہے،رہائشی مرکز میں بچوں کو محفوظ، پُرسکون اور معاون ماحول فراہم کیا جائے گا۔ بچوں کو انفرادی ضروریات کے مطابق نگہداشت، تھراپی، تعلیم اور زندگی کی مہارتوں کی تربیت دی جائے گی۔ یہ صرف اینٹوں اور سیمنٹ کی عمارت نہیں، بچوں کے لیے ایک ایسا گھر ہے جہاں وہ اپنائیت محسوس کریں گے۔ بچوں کی صلاحیتوں اور پوشیدہ ٹیلنٹ کو دریافت کرنے اور نکھارنے کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ آٹزم کے حوالے سے سندھ حکومت کی خدمات صرف شہر کراچی تک محدود نہیں۔ سندھ بھر میں 10 سی-آرٹس مراکز مکمل طور پر فعال ہیں۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی، حیدرآباد، شہید بینظیرآباد، گمبٹ، سکھر اور لاڑکانو میں سی-آرٹس مراکز فعال ہیں۔ سی-آرٹس مراکز میں تشخیص، تعلیم، بحالی اور پیشہ ورانہ تربیت سمیت جامع خدمات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہمارا مقصد سندھ کے مزید خاندانوں کو معاونت اور مواقع فراہم کرنا ہے۔سندھ حکومت صوبے بھر میں سی-آرٹس کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دے رہی ہے۔مزید 13 سی-آرٹس یونٹس زیرِ تعمیر ہیں اور تکمیل کے قریب ہیں۔گلشنِ اقبال ٹاؤن ، ماڈل کالونی ملیر، پریمیئر کالج ناظم آباد، سومار کنڈانی ولیج ملیر، لانڈھی، ناظم آباد، حیدرآباد ، مٹیاری، میرپورخاص، لاڑکانہ، ٹنڈومحمد خان، سکھر، شہید بے نظیر آبادشامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے سی-آرٹس یونٹس کے ذریعے خصوصی خدمات متاثرہ خاندانوں کی آبادیوں کے قریب فراہم کی جائیں گی، متاثرہ خاندان جہاں کہیں بھی ہوں، انہیں ضروری معاونت فراہم کیاجائےگا۔ ہمارا وژن صرف تھراپی اور تعلیمی مراکز تک محدود نہیں، حقیقی شمولیت معاشرے کے ہر شعبے میں یقینی بنائیں گے۔ کراچی میں تین جدید سی-آرٹس انکلوسیو پارکس تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ سی-آرٹس انکلوسیو پارکس لانڈھی، ملیر اور نارتھ ناظم آباد میں قائم کیے جائیں گے۔ انکلوسیو پارکس میں قابلِ رسائی کھیلوں کا سامان، حسی ضروریات کے مطابق جگہیں اور محفوظ تفریحی ماحول فراہم کیا جائے گا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر صلاحیت کے حامل بچے ان پارکس میں ایک ساتھ کھیل سکیں گے اور میل جول بڑھا سکیں گے، انکلوسیو پارکس سماجی ہم آہنگی، ہمدردی اور قبولیت کو فروغ دیں گے۔ آٹزم سے متاثرہ بچوں کے لیے سماجی زندگی میں بھرپور شرکت کے مواقع پیدا کرتے رہیں گے۔شراکت داری صرف نعرہ یا پالیسی دستاویز نہیں بلکہ اسے عملی حقیقت بنانا ہے۔ سی-آرٹس کا کامیاب ماڈل سندھ کی سرحدوں سے نکل کر قومی سطح پر توجہ حاصل کر چکا ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں