کے ڈی اے اراضیوں سے غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیاں مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی کی زیرِ صدارت سینئر افسران کا اہم اجلاس
کراچی: ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف جان صدیقی کی زیرِ صدارت محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ اور محکمہ لینڈ مینجمنٹ کے سینئر افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کے ڈی اے اراضیوں کے تحفظ، غیر قانونی قبضوں کے خاتمے اور الاٹیز کی املاک کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے آصف جان صدیقی نے کہا کہ ادارے کی اراضیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اور مؤثر اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کے ڈی اے الاٹیز کی املاک کو غیر قانونی قبضہ مافیا سے آزاد کرانے کے لیے محکمہ اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔ اس سلسلے میں لینڈ مینجمنٹ میں تعینات تمام کے ڈی اے اسکیموں کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کو اضافی ذمہ داریاں سونپی جا رہی ہیں تاکہ جاری آپریشنز کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔
ڈی جی کے ڈی اے نے کہا کہ تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر لینڈ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ کی ہدایات اور احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے، جبکہ انسدادِ تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشنز میں اپنی موجودگی اور بھرپور معاونت بھی یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ادارے کے ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز آپریشن کے متعلقہ علاقوں کی پولیس کے ساتھ مؤثر رابطہ اور مکمل ہم آہنگی برقرار رکھیں تاکہ کارروائیاں بلا رکاوٹ، قانون کے مطابق اور کامیابی سے مکمل کی جا سکیں۔
ڈائریکٹر جنرل آصف جان صدیقی نے واضح کیا کہ ادارے کی اراضیوں کے تحفظ اور جاری آپریشنز کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت، لاپروائی یا فرائض میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور ذمہ دار افسران و ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
