نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی سفر بلا تعطل جاری، اہم سڑک کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل

نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی سفر بلا تعطل جاری، اہم سڑک کی تعمیر آخری مرحلے میں داخل

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے سیکٹر 5-G   کالی مارکیٹ میں تعمیر ہونے والی اہم سڑک کا دورہ کرکے جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ٹاؤن وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر،یوسی چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز،انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر دیگر متعلقہ افسران اور علاقے کے معززین بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار، شفافیت اور پائیداری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ عوام کو دیرپا اور معیاری بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی عمل مرحلہ وار اور بلا تعطل جاری ہے، جبکہ ہر منصوبے کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوامی وسائل کا درست اور شفاف استعمال یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کرنا اور ان کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم سیاست کو خدمت اور عبادت سمجھ کر کر رہے ہیں۔ عوام کی خدمت ہی ہمارا مشن ہے، کیونکہ خلقِ خدا کی خوشنودی میں ہی اللہ تعالیٰ کی رضا پوشیدہ ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیو کراچی ٹاؤن کا ہر علاقہ ترقی، صفائی، بہتر سڑکوں اور بنیادی سہولیات کے حوالے سے ایک مثالی علاقہ بنے۔چیئرمین محمد یوسف نے بتایا کہ سیکٹر 5-G   کالی مارکیٹ کی یہ سڑک طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھی، جس کے باعث شہریوں، تاجروں اور طلبہ سمیت روزانہ آنے جانے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ اہلِ علاقہ کے دیرینہ مطالبے پر اس سڑک کی فوری تعمیر کا فیصلہ کیا گیا، جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ آج رات تک سڑک کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی، جس کے بعد نہ صرف ٹریفک کی روانی بہتر ہوگی بلکہ شہریوں کو محفوظ، سہل اور آرام دہ آمدورفت کی سہولت بھی میسر آئے گی۔اس موقع پر موجود علاقہ مکینوں اور منتخب بلدیاتی نمائندوں نے جاری ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیو کراچی ٹاؤن میں اسی رفتار سے دیگر ترقیاتی منصوبے بھی مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں