منگھوپیر ٹاؤن کونسل نے 4 ارب 12 کروڑ 80 لاکھ 92 ہزار 166 روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا

منگھوپیر ٹاؤن کونسل نے 4 ارب 12 کروڑ 80 لاکھ 92 ہزار 166 روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر نے مالی سال 2026-27 کے لیے 4 ارب 12 کروڑ 80 لاکھ 92 ہزار 166 روپے کا بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ بجٹ کی منظوری ٹاؤن  کے سالانہ اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی نے کی۔ اجلاس میں وائس چیئرمین رانا عارف،میونسپل کمشنر آغا خلیق، اکاؤنٹ آفیسر فیاض محمد چنا،کونسل اراکین،منتخب نمائندگان اور ٹاؤن کے اعلیٰ افسران  شریک ہوئے۔ ایوان نے بجٹ پر تفصیلی غور و بحث کے بعد اس کی متفقہ منظوری دیتے ہوئے اسے آئندہ مالی سال کے لیے ٹاؤن کی انتظامی اور ترقیاتی سمت کا جامع لائحۂ عمل قرار دیا۔

پیش کردہ بجٹ کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ دستیاب وسائل کا زیادہ سے زیادہ فائدہ براہِ راست شہریوں تک پہنچ سکے۔ اس میں بنیادی بلدیاتی سہولیات کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، مالی نظم و ضبط، ادارہ جاتی استعداد میں اضافے اور عوامی خدمت کے معیار کو مزید مؤثر بنانے کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے، تاکہ ٹاؤن کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

ترقیاتی منصوبوں کے لیے 1 ارب 26 کروڑ 49 لاکھ 70 ہزار 11 روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان فنڈز کے ذریعے مختلف یونین کونسل میں سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و بحالی، سیوریج اور ڈرینج نظام کی بہتری، فراہمیٔ آب کے منصوبوں، اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہری سہولیات میں بہتری، انفراسٹرکچر کی مضبوطی اور ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں متوازن ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

بجٹ میں ادارے کے انتظامی امور کو مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے لیے افسران و ملازمین کی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر انتظامی اخراجات کی مد میں 1 ارب 27 کروڑ 11 لاکھ 87 ہزار 895 روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اسی طرح ٹاؤن کے اثاثوں، مشینری، تنصیبات اور سڑکوں کی مرمت و بحالی کے لیے 1 ارب 4 کروڑ 39 لاکھ 96 ہزار 660 روپے جبکہ ہنگامی حالات سے فوری نمٹنے کے لیے 54 کروڑ 79 لاکھ 37 ہزار 600 روپے کا کنٹیجنسی فنڈ بھی رکھا گیا ہے، تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں بلدیاتی خدمات کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔

اجلاس کے دوران مالی سال 2025-26 کی مالی کارکردگی کا جائزہ بھی پیش کیا گیا، جس کے مطابق ٹاؤن کی حقیقی آمدنی 1 ارب 77 کروڑ 97 لاکھ 93 ہزار 313 روپے رہی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ آئندہ مالی سال میں محصولات کی وصولی کو مزید مؤثر بنانے، ریونیو کے نئے ذرائع پیدا کرنے اور مالی وسائل کے شفاف و دانشمندانہ استعمال کے لیے جامع حکمتِ عملی پر عمل کیا جائے گا، تاکہ ترقیاتی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکے۔

بجٹ کی منظوری کے بعد چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ بجٹ عوامی ضروریات، زمینی حقائق اور مستقبل کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن کے ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبوں پر شفافیت، معیار اور مقررہ مدت کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوامی اعتماد کو بھی مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر ایوان کے تمام اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منظور شدہ بجٹ میں شامل ہر منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ منگھوپیر ٹاؤن میں ترقیاتی عمل مزید مؤثر، منظم اور پائیدار انداز میں آگے بڑھ سکے اور شہریوں کو بہتر، جدید اور معیاری بلدیاتی خدمات کی فراہمی کا عمل مزید مستحکم ہو۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں