گلبرگ ٹاؤن کا 3 ارب 61 کروڑ 49 لاکھ کا بجٹ 2026-27 منظور
کراچی: چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے گلبرگ ٹاؤن کا 3 ارب 61 کروڑ 49 لاکھ کا بجٹ 2026-27 پیش کردیا۔ ٹاؤن کا ڈویلپمنٹ بجٹ 1 ارب 53 کروڑ کا ہوگا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ وائس چیئرمین محمد الیاس، میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی، ڈائریکٹر کونسل سلیم احمد صدیقی ، بجٹ آفیسر محمد وسیم،اراکین کونسل اور تمام محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے ٹاؤن چیئرمین نصرت اللہ کا کہنا تھا یہ سال ترقیاتی کاموں کا سال ہے اس سال ریکارڈ سڑکیں تعمیر کرینگے۔ تعلیم، صحت، خواتین اور نوجوانوں کے منصوبوں پر کام کرینگے۔
گلبرگ ٹاؤن اپنے منفرد منصوبوں special Initiatives کی وجہ سے ممتاز حیثیت رکھتا ہے۔ تعلیم کارڈ کے لئے 5 کروڑ کی رقم مختص کی ہے اس میں بڑا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ مستفید ہوسکیں، ٹاؤن کے عوام کے لئے ایک بہترین جم کا آغاز کرنے جارہے ہیں جہاں مرد اور خواتین علیحدہ اوقات میں ایکسرسائز کرسکیں گے۔ گلبرگ ٹاؤن کے لنک روڈز پر Town Mobility Services کا آغاز کرینگے جس کے تحت شٹل اور سائیکل اسٹیشن قائم کرینگے جہاں سے لوگ سائیکل اور شٹل پر سفر کرسکیں گے۔
تمام سرکاری اسکولز کو مکمل بحال کرینگے۔ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی تعلیم لئے فیکلٹی قائم کرینگے، صحت کے شعبے میں سمن آباد پرائمری ہیلتھ یونٹ کی طرز پر اب نصیر آباد میں ہیلتھ یونٹ قائم کرینگے، مزید پارکس اور میدانوں کو بحال کرینگے، لائبریریوں کو اپ گریڈ کرینگے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہوسکیں۔اس موقع پر ٹاؤن میونسپل کمشنر خالد حسین جتوئی نے کہا کہ اس سال ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے گی تاکہ عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔
