گڈاپ ٹاؤن کا 4 ارب 4 کروڑ 22 لاکھ روپے مجموعی بجٹ، منصوبوں کے لئے فنڈ مختص

گڈاپ ٹاؤن کا 4 ارب 4 کروڑ 22 لاکھ روپے مجموعی بجٹ، منصوبوں کے لئے فنڈ مختص

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ کی صدارت میں مالی سال 2026-2027 کے بجٹ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا،ان کے ہمراہ وائس چیئرمین جام محمد جوکھیو، میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز، افسر مالیات افتخار حسین دایو،اراکین کونسل اور محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جبکہ بعد ازاں شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 73ویں سالگرہ کے موقع پر ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔اس بعد چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے بجٹ کے حوالے سے فنانس کمیٹی کے چیئرمین محمد رفیق جوکھیو کو مالی سال 2026-2027کے بجٹ کی تفصیلات پیش کرنے کو کہا،مجموعی بجٹ 4 ارب 4 کروڑ 22 لاکھ روپے رکھا گیا ہے، جس میں OZT فنڈز اور ٹاؤن کے دیگر ذرائع آمدن شامل ہیں۔ بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات، ملازمین کی تنخواہیں، متفرق اخراجات، مرمت و دیکھ بھال کے فنڈز کے علاوہ جاری ترقیاتی منصوبوں، واٹر سپلائی اسکیموں، نکاسی آب کے منصوبوں، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، پارکوں کی بحالی، فلاحی منصوبوں اور دیگر عوامی سہولیات کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

اجلاس کے دوران کونسل اراکین نے بجٹ پر تفصیلی بحث کی اور مختلف تجاویز پیش کیں۔ جس میں پارلیمانی لیڈرممبر  میر عباس ٹالپور، صدر پی ایس 85  ممبرمرتضیٰ یار محمد بلوچ، جنرل سیکریٹری پی ایس 85  ممبرعبدالستار جو کھیو،ممبر دادا کریم بلوچ،ممبر امن دین جو کھیو، ممبر سلیم میمن، ممبرعلی محمد گبول، ممبرعیسیٰ بلوچ، ممبر دانش برفت، ممبر سنی عاشق مسیح نے بجٹ کو عوامی فلاح کے لیے مثبت قرار دیا۔ بعد ازاں بجٹ کو اکثریتی رائے سے منظور کر لیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ اس بجٹ میں گڈاپ ٹاؤن کی ترقی اور عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔اسٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، صحت، اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں اورمزید کیے جائیں گے، طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں اور ان کے تعاون و حمایت کے بغیر کوئی بھی ادارہ کامیابی حاصل نہیں کر سکتا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائد ین نے ہمیشہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل، معیارِ زندگی میں بہتری اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے،گڈاپ ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں میں ترقیاتی کام منتخب اراکینِ کونسل کی مشاورت اور عوامی ضروریات کے مطابق انجام دیے جائیں گے تاکہ ترقی کے ثمرات ہر علاقے تک پہنچ سکیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں