چیئرمین گلبرگ ٹاؤن کی قیادت میں سڑکوں کی استرکاری اور تعمیراتی منصوبوں کا آغاز
کراچی: چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی قیادت میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری، مختلف علاقوں میں سڑکوں کی استرکاری اور تعمیراتی منصوبوں کا آغاز
کراچی: گلبرگ ٹاؤن کی منتخب بلدیاتی قیادت، چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی سربراہی میں علاقے بھر میں ترقیاتی کاموں کا دائرہ وسیع کر رہی ہے۔ اسی سلسلے میں بلاک 17، 18، 19 اور 20 میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ محرم الحرام سے قبل بلاک 20 انچولی میں سڑکوں کی استرکاری کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
استرکاری کے کام کے موقع پر اہلِ محلہ اور علاقے کے معززین نے چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کے ہمراہ مختلف مقامات کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ علاقہ مکینوں نے بلدیاتی قیادت کی جانب سے عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور بنیادی انفراسٹرکچر کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے۔سوئی سڈرن گیس کے کاموں کے بعد سڑکیں اور گلیاں تباہ حال ہو گئی تھیں ان کا کام مکمل ہوتے ہی گلبرگ ٹاؤن نے ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا ہے گلبرگ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، گلیوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے تاکہ شہریوں کو درپیش مسائل کا مستقل حل فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے پیش نظر گلبرگ ٹاؤن کی تمام مساجد، امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں کے اطراف پیور بلاک اور سڑکوں کی استرکاری کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ عزاداران کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر ان کے ہمراہ یوسی چیئرمین عاصم مخدومی ایکس سی این بی اینڈ آر محمد سہیل خان ،یوسی کونسلر اور بی اینڈ آر کا عملہ بھی موجود تھا
اہلِ علاقہ نے امید ظاہر کی کہ گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے جاری یہ ترقیاتی اقدامات مستقبل میں بھی اسی رفتار سے جاری رہیں گے اور علاقے کی مزید بہتری کا باعث بنیں گے۔
