ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد،مفت طبی سہولیات کی فراہمی
ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام اور کمشنر کراچی آفس، کراچی اور دیگر سماجی اداروں کے تعاون سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں کو مفت طبی معائنہ، ادویات اور صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر ویسٹ جناب بلال علوی تھے، تاہم سرکاری مصروفیات کے باعث وہ شرکت نہ کر سکے۔ ان کی نمائندگی مختیار کار ایسٹ مظفر تالپور نے کی۔ تقریب کے آغاز میں مظفر تالپور نے بانی ہمدرد حکیم محمد سعید کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائے مغفرت جبکہ صدر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد کی صحت، تندرستی اور درازیٔ عمر کے لیے خصوصی دعا کروائی۔ مظفر تالپور نے ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی فلاحی اور طبی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں ایسے فری میڈیکل کیمپس عوام کے لیے بڑی نعمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان جس جذبے کے ساتھ عوامی خدمت انجام دے رہی ہے وہ قابلِ تقلید ہے اور اس طرح کے طبی کیمپس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد مستفید ہو سکیں۔
ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر، سید محمد ارسلان نے کہا کہ محترمہ سعدیہ راشد کی خصوصی ہدایات پر جون، جولائی اور شدید گرمی کے دیگر مہینوں میں فری میڈیکل کیمپس کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بروقت طبی امداد، ضروری ادویات اور صحت سے متعلق آگاہی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان طبی کیمپس کے انتظامات کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہترین سہولیات میسر آ سکیں۔ طبی کیمپ کے دوران ہمدرد کے معروف مشروبات روح افزا اور شربت بزوری کے خصوصی اسٹالز بھی قائم کیے گئے تھے، جہاں شرکاء اور مریضوں کو مفت ٹھنڈے مشروبات فراہم کیے گئے۔ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں ان مشروبات نے شہریوں کو تازگی اور فوری راحت پہنچائی۔ شرکاء نے ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ گرمی سے بچاؤ کے لیے ایسے انتظامات عوامی خدمت کی بہترین مثال ہیں۔
اس موقع پر یو سی کونسلر جناب معصومہ اسماعیل، کمشنر کراچی آفس کے ڈائریکٹر اسپورٹس غلام محمد خان، کیمپ کوآرڈینیٹر دلاور عباس خان، فیصل امجد علی، کراچی باسکٹ بال آرگنائزیشن کےصدر غلام عباس چوہدری،خزانچی فواد علی خان، شاہدہ پروین کیانی اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی اور ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر انچارج طبی کیمپ محترمہ افرین اعجاز کی جانب سے تمام مہمانوں، معزز شرکاء، معاون اداروں، رضاکاروں، ڈاکٹرز اور طبی عملے کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جن کے تعاون سے یہ فلاحی سرگرمی کامیابی سے منعقد ہوئی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوامی خدمت اور صحت عامہ کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔
