پیپلز پارٹی کیماڑی کے کارکنان کیف سردار رحیم سے ملاقات، فنکشنل مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان
کراچی: پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم سے ضلع کیماڑی کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے سرگرم رہنماؤں اور کارکنان کے ایک بڑے وفد نے فنکشنل لیگ ہاؤس کلفٹن میں ملاقات کی اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت کا اعلان کیا۔
شمولیت اختیار کرنے والوں میں نورالامین، عثمان، عظیم، ابوبکر صدیق، جعفر حسین، مزمل خان، رئیس خان، محمد یونس، محمد یوسف، امیر حمزہ، فرحان، حبیب الرحمن، عبدالحلیم، ناصر احمد، محمد شہزاد، ذوالفقار خان، سید دلدار شاہ، نعمان خان، جمیل احمد، امتیاز احمد، زہیب احمد، دل آور حسین شاہ، دانیال شاہ، محمد سجاد، محمد جمن، شعیب خان، اسلم جان، فائق امین، محمد امیر، شاہد، محمد ذیشان اور علی اصغر سمیت دیگر کارکنان شامل تھے۔
اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے رہنما وقار جٹ، عبد الکریم شر، فنکشنل لیگ ضلع کیماڑی کے صدر نذیر احمد رند، مزمل شاہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے درست وقت پر درست فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ "متحد سندھ، مضبوط پاکستان” کے فلسفے پر عمل پیرا ہے اور یہ ایک ایسا سیاسی پلیٹ فارم ہے جہاں بلاامتیاز نسل، زبان، رنگ اور مذہب تمام طبقات کے لوگ شامل ہیں۔
سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ضلع کیماڑی کے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ علاقے میں منشیات کی لعنت پھیل چکی ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص کروڑوں روپے خردبرد کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کیماڑی کے کئی علاقے آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور صورتحال ایسی محسوس ہوتی ہے جیسے علاقہ ایک صدی پیچھے چلا گیا ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، سیوریج کا نظام ناکارہ ہو چکا ہے جبکہ صحت اور تعلیم کی سہولیات بھی انتہائی ناقص ہیں۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھوں میں لیے روزگار کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن میرٹ کی بنیاد پر ملازمتیں فراہم کرنے کے بجائے انہیں فروخت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کیماڑی کے عوام علاج معالجے کی معیاری سہولیات سے بھی محروم ہیں۔
سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کی قیادت کرپشن کے الزامات سے پاک اور شفاف سیاسی کردار کی حامل ہے۔ انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری ابھی سے شروع کریں، عوامی رابطہ مہم کو تیز کریں اور علاقے کے مسائل کے حل کے لیے عوام کے درمیان موجود رہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کیماڑی کے عوام آئندہ انتخابات میں دیانتدار، باکردار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار نمائندوں کا انتخاب کریں گے اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔
