صدر ٹاؤن کونسل کے اجلاس میں چیئرمین منصور احمد شیخ پر مکمل اعتماد کا اظہار
کراچی: صدر ٹاؤن کونسل کا اہم اجلاس آج چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ٹاؤن وائس چیئرمین یوسی وائس چیئرمین، کونسل ممبران ۔میونسپل کمشنر اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران تمام کونسل ممبران بشمول حزبِ اختلاف نے چیئرمین منصور احمد شیخ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صدر ٹاؤن کی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بلدیاتی خدمات کی بہتری کے لیے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ کونسل ممبران نے یقین دلایا کہ تمام منتخب نمائندے باہمی اتحاد، مشاورت اور ٹیم ورک کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔
اس موقع پر چیئرمین منصور احمد شیخ نے کونسل ممبران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ان پر جو اعتماد کیا ہے، اس پر پورا اترنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹاؤن میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے گا اور شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح رہے گی۔
اجلاس میں مختلف عوامی مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور بلدیاتی امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ کونسل ممبران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوامی خدمت اور علاقے کی ترقی کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھیں گے۔
اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا، جہاں تمام اراکین نے صدر ٹاؤن کی مزید ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون اور یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
