ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام فردوس کالونی گلبہار میں ایک روزہ طبی کیمپ کا انعقاد

ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام فردوس کالونی گلبہار میں ایک روزہ طبی کیمپ کا انعقاد

کراچی: ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے زیرِ اہتمام 16 مئی 2026 بروز ہفتہ فردوس کالونی، گلبہار نزد لال مسجد ایک روزہ مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جو صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک بلا وقفہ جاری رہا۔

کیمپ کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد، اسامہ بن اشرف نے کیا۔ اس موقع پر علاقے کی معروف سماجی شخصیات حاجی عبدالباری، غلام احمد خان اور دلاور عباس بھی موجود تھے۔

کیمپ کی کوآرڈینیٹر آفرین اعجاز نے مہمانوں کا استقبال کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد اسامہ بن اشرف نے کہا کہ ہمدرد فاؤنڈیشن نہ صرف تعلیم، تربیت اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خدمات ادارے کے بانی شہید حکیم محمد سعید کی ملک و قوم سے محبت کا عملی ثبوت ہیں، جن کے مشن کو ان کی صاحبزادی محترمہ سعدیہ راشد کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کے ڈائریکٹر سید محمد ارسلان نے اس موقع پر بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے ملک بھر میں میڈیکل کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں۔

پہلے مرحلے میں کراچی، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور پشاور میں کیمپس لگائے گئے ہیں جہاں روزانہ تقریباً 200 سے 300 مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کیمپس میں شہریوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں گی جبکہ گرمی کے موسم میں احتیاطی تدابیر اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی بھی دی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ کیمپ میں آنے والے افراد، راہگیروں اور پیدل چلنے والوں کے لیے روح افزا اور دیگر ٹھنڈے مشروبات کا بھی مفت انتظام کیا گیا۔

سید محمد ارسلان کے مطابق ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی ٹیم کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ جون، جولائی اور شدید گرمی کے دیگر مہینوں کے دوران یہ سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت طبی امداد اور ضروری آگاہی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ سعدیہ راشد کی ہدایات کے مطابق میڈیکل کیمپس کے انعقاد کو مزید مؤثر اور منظم بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کیمپس میں آنے والے مریضوں کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جاتا ہے اور اگر کوئی مریض تشویشناک حالت میں ہو تو اسے کراچی میں واقع تاج میڈیکل کمپلیکس اور نعمت بیگم ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے جہاں ان کا مزید مفت علاج اور معالجہ کیا جاتا ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں