ٓرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور فرانسیسی ثقافتی ادارے الائنس فرانسیز کے مشترکہ تعاون سےمنعقدہ ’’انٹرنیشنل میوزک فیسٹ‘(Fête de la Musique) نے میلہ لوٹ لیا
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور فرانسیسی ثقافتی ادارے الائنس فرانسیز کے مشترکہ تعاون سے ’’انٹرنیشنل میوزک فیسٹ ‘ (Fête de la Musique) کا شاندار انعقاد اسٹوڈیو ون، میں کیا گیا جس میں صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ، الائنس فرانسیز کراچی کے ڈائریکٹر Emmanuel Breurec ، سہیل ہاشمی سمیت فن موسیقی سے وابستہ شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
فیسٹ میں فرانسیسی اور پاکستانی فنکاروں نے اپنی دلکش موسیقی سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ فیسٹ میں فرانس کے معروف میوزیکل گروپ Saffron Sweaters، Clément Visage اور DJ SQLN نے فرانسیسی موسیقی کی دھنیں پیش کرکے شرکاء سے بھرپور داد وصول کی۔ Clément Visage فرانسیسی موسیقار Clément Grethen کا سولو میوزیکل پروجیکٹ ہے، جو 2022 سے حساس، جذباتی اور وجودی احساسات پر مبنی فرانسیسی الیکٹرانک پاپ موسیقی تخلیق کر رہے ہیں۔
تقریب میں پاکستانی موسیقی کی نمائندگی نوجوان گلوکار ارمان رحیم، مزمل اورشاہد رحمان نے کی۔ ان کی پرفارمنس نے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا جبکہ مقامی موسیقی کے رنگوں نے فیسٹ کو مزید دلکش بنا دیا۔ تقریب کے دوران فرانسیسی اور پاکستانی موسیقی کے حسین امتزاج نے بین الاقوامی ثقافتی ہم آہنگی، فنونِ لطیفہ کے فروغ اور مختلف تہذیبوں کے درمیان روابط کو اجاگر کیا۔
موسیقی کے بھرپور رنگوں سے سجا یہ فیسٹیول حاضرین کے لیے ایک یادگار ثقافتی و موسیقی کا تجربہ ثابت ہوا، جہاں فن اور ثقافت کی عالمی زبان نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا پیغام دیا۔
