گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ پانچ ہزار بچوں میں 10-10 ہزار روپے اعزازیہ تقسیم کرنے جا رہی ہے:نصرت اللہ
کراچی:چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ کی سربراہی میں ٹاؤن آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر محمد نواز مہر اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس کے دوران تمام ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے اپنی اپنی ماہانہ کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور جاری ترقیاتی و انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ افسران نے آئندہ ہونے والے ترقیاتی کاموں، بلدیاتی سہولیات کی بہتری، صفائی ستھرائی، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر عوامی خدمات سے متعلق منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا۔
بالخصوص چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے تعلیمی کارڈ کے حوالے سے افسران کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، تاکہ وہ بہتر تعلیمی مواقع سے مستفید ہو سکیں۔گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ ٹاؤن کے پانچ ہزار بچوں میں 10 ہزار روپے اعزازیہ تقسیم کرنے جا رہی ہے جس سے بچے اپنے یونیفارم اور کاپی کتابیں اور اسٹیشنری کا سامان حاصل کر سکیں گے تاکہ اس مہنگائی کے دور میں مستوسط طبقے کے لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ کیا جائے گلبرگ ٹاؤن کی جانب سے تعلیم کارڈ کی آن لائن رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے،
چیئرمین نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس منصوبے پر مؤثر اور شفاف طریقے سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق طلبہ اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔
