انتخابات کے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،کورکمانڈرزکانفرنس

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز( ملٹری ) کے زیرصدارت  262ویں کور کمانڈرز کانفرنس  منعقد ہوئی

عزم کیا گیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

آرمی چیف نے کورکمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت مقدس اور ناقابل تسخیر ہے اور پاکستان تمام ریاستوں کے ساتھ پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا کہ ملکی خودمختاری،قومی عزت اور پاکستانی عوام کی امنگوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کانفرنس کے شرکاء کو بھارت کی جانب سے ماورائے علاقہ اور ماورائے عدالت قتل، ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی اور بھارت کی پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانے کی گھناؤنی مہم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

فورم نے اتفاق کیا کہ بھارت کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔

شرکائے کانفرنس نے کہا کہ عالمی برادری پہلے ہی بھارت کے مجرمانہ رویے اور دنیا بھر میں قتل و غارت گری کے لیے ریاستی طاقت کے استعمال پر شدید تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔

فورم نے فلسطین اور غزہ کے عوام کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے تنازعہ کے انتہائی منفی اثرات اورخطے میں پھیلاؤ کے امکانات کا بھی جائزہ لیا، فورم نے فلسطین میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کی فوری ضرورت کو متفقہ طور پر تسلیم کیا۔

شرکاء کانفرنس نے اقدامات اور ان کے معیشت اور عوام کی فلاح و بہبود پر مثبت اثرات کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے فارمیشنز کمانڈرزپر پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، تربیت کے دوران بہترین کارکردگی اور فوجی جوانوں کے مورال اور بہبود پر زور دیا ۔

کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں