ایس آئی یو ٹی پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر کاٹھور میں خصوصی او پی ڈی کا آغاز

ایس آئی یو ٹی پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر کاٹھور میں خصوصی او پی ڈی کا آغاز

کراچی: سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) نے اپنے پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر کاٹھور میں مفت طبی سہولیات کو مزید وسعت دیتے ہوئے گردے اور مثانے سمیت یورولوجی سے متعلق امراض کے علاج کے لیے خصوصی آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) کا آغاز کردیا ہے۔ اس سہولت کے تحت مریضوں کو ہر پیر اور ہفتہ کو مکمل طبی عملے اور ضروری سہولیات کے ساتھ علاج فراہم کیا جائے گا، جس سے علاقے کے لوگوں کو خصوصی طبی معائنے اور علاج کے لیے شہر کا طویل سفر کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

کراچی کے جنوب مشرقی مضافات میں واقع کاٹھور ایک وسیع دیہی علاقہ ہے، جہاں تین سو سے زائد گوٹھ آباد ہیں اور آبادی دس لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔ تاہم، علاقے میں طبی سہولیات اور آمدورفت کے محدود ذرائع کے باعث مقامی آبادی کو علاج معالجے کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بالخصوص مخصوص امراض کے علاج کے لیے شہر کے بڑے طبی مراکز تک پہنچنا کئی لوگوں کے لیے ایک دشوار مرحلہ بن جاتا ہے۔

کاٹھور میں خصوصی او پی ڈی کا آغاز ایس آئی یو ٹی کی اس حکمت عملی کا حصہ ہے جس کے تحت سندھ کے دور دراز، پسماندہ اور طبی سہولیات سے محروم علاقوں تک معیاری علاج کی سہولت پہنچائی جارہی ہے۔ اس مقصد کے لیے کسی بھی علاقے کا انتخاب کرتے وقت وہاں آمدورفت کے ذرائع، مواصلاتی نظام اور دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ کاٹھور ان تمام ضروریات کے حوالے سے خصوصی توجہ کا متقاضی تھا۔

اس نئی سہولت کے نتیجے میں مقامی آبادی کو گردے اور مثانے کے امراض سمیت یورولوجی سے متعلق بیماریوں کے علاج کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر نہیں کرنا پڑے گا، بلکہ انہیں جدید طبی سہولیات اپنے گھر کے قریب میسر آسکیں گی۔

واضح رہے کہ ایس آئی یو ٹی گزشتہ کئی برسوں سے کاٹھور میں روزانہ کی بنیاد پر پرائمری ہیلتھ کیئر سینٹر بھی چلا رہا ہے، جہاں اب تک دو لاکھ سے زائد مریضوں کو علاج فراہم کیا جاچکا ہے۔ خصوصی او پی ڈی کا آغاز اسی طبی خدمت کو مزید آگے بڑھانے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کے ذریعے علاقے کے لوگوں کو بنیادی علاج کے ساتھ ساتھ مخصوص امراض کے معائنے اور علاج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔

علاوہ ازیں، ایس آئی یو ٹی نے کاٹھور میں سو ایکڑ اراضی حاصل کر رکھی ہے، جہاں مستقبل میں ایک ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور ٹرانسپلانٹ سائنسز کے ادارے کے قیام کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کا مقصد طبی تحقیق اور ٹرانسپلانٹ کے شعبے میں جدید علوم اور سہولیات کو فروغ دینا ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں