ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 19ویں روز بچوں کا تھیٹر پلے، فائن آرٹس، خطاطی، ہپ ہاپ اور گٹار کی ورکشاپس
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام 25 روزہ تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے 19ویں روز بچوں کے دلکش تھیٹر پلے ’’The Treasure Hunt‘‘، فائن آرٹس، خطاطی، ہپ ہاپ ڈانس اور گٹار کی خصوصی تربیتی ورکشاپس، SOC Films کے زیرِ اہتمام ’’Women Filmmakers‘‘ کے تحت 8 فلموں کی اسکریننگ، پاکستانی تھیٹر پلے ’’وقت تھم سا گیا‘‘ اور جنوبی کوریا کے میوزیکل گروپ nuMori کے پروگرام ’’REWIRED‘‘ سمیت مختلف ثقافتی سرگرمیاں پیش کی گئیں۔ فیسٹیول کے 19ویں روز کا آغاز بچوں کے دلچسپ تھیٹر پلے ’’The Treasure Hunt‘‘ سے کیا گیا، جسے معروف ہدایت کار و مصنف حسن ملک نے تخلیق کیا۔ بڑی تعداد میں بچوں نے تھیٹر پلے میں شرکت کی اور فنکاروں کی پرفارمنس کو سراہا۔ فیسٹیول میں یونان سے تعلق رکھنے والی ماہر فنکارہ Sofia Maria Xenaki کی فائن آرٹس ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں انہوں نے شرکاء کو واٹر کلر پینٹنگ کی عملی تربیت دی۔ ورکشاپ کے دوران مصوری میں ہونے والی عام غلطیوں سے بچنے، رنگوں کے بہتر استعمال اور ان کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے طریقے بتائے گئے۔ فنکارہ نے نمونہ پینٹنگ کے ذریعے شرکاء کو عملی مشق بھی کروائی، جس میں آرٹ کے طلباء اور شائقین نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے یونانی فنکارہ Sofia Maria Xenaki اور Aglaia Perraki کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں فنکاراؤں نے فیسٹیول میں بہت سے نئے رنگ اور خوبصورتی کا اضافہ کیا ہے۔ اب یہ تعلق ہمارے ادارے اور آپ کے خاندان کے درمیان ایک طویل عرصے تک قائم رہنے والا رشتہ بن چکا ہے۔ میں آپ کا شکر گزار ہوں کہ آپ نے یہاں آنے والے بچوں کو فن سکھانے کے لیے وقت نکالا۔
انہوں نے کہا کہ ورکشاپس میں ایسے بہت سے افراد بھی شرکت کر رہے ہیں جو ہمارے ادارے کے طالب علم نہیں، ہم ان کی زیادہ قدر کرتے ہیں کیونکہ انہوں نے یہاں آنے کی زحمت کی اور وہ کچھ نیا سیکھنا چاہتے ہیں۔ میری دلچسپی اس شہر اور ملک کے ہر اس بچے میں ہے جو سیکھنے کا جذبہ رکھتا ہے، ہم اسے کوئی نہ کوئی مثبت چیز ضرور سکھائیں گے جبکہ ایران سے تعلق رکھنے والے نامور خطاط Seyed Rasul Aghamiri کی خصوصی کیلی گرافی ورکشاپ میں انہوں نے خطاطی کے مختلف اسالیب، حروف کی بناوٹ اور اس فن کی باریکیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ ورکشاپ میں ایرانی خطاط Roghayeh Anaquzi بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر Seyed Rasul Aghamiri نے بتایا کہ انہیں بچپن ہی سے خطاطی کی دنیا میں نام پیدا کرنے کا شوق تھا اور وہ اپنے اساتذہ سے سیکھ کر آج اس مقام تک پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر خط اپنی خوبصورتی اور مخصوص اصول و ضوابط رکھتا ہے، جبکہ ایرانی خطاطی کے خط نستعلیق میں نقطے کو خاص اہمیت حاصل ہے، جو خط کی خوبصورتی کو مزید نکھارتا ہے۔ ورکشاپ کے دوران انہوں نے قلم پکڑنے اور حروف تحریر کرنے کا درست طریقہ عملی طور پر سکھایا اور شرکاء کی رہنمائی کی۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے ایرانی فنکار کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا برادر ملک ہے اور دونوں ممالک کے درمیان انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔ آپ نے اس فیسٹیول کی قدر و منزلت میں بہت اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آنے والے مختلف اساتذہ اور فنکاروں سے سیکھنے کا موقع ملنا کلاس روم کے مقابلے میں کہیں زیادہ وسیع تجربہ ہوتا ہے۔ ہماری زندگی کا مقصد یہی ہے کہ آنے والی نسل کو دنیا بھر کی اعلیٰ تخلیقی صلاحیتوں سے روشناس کرایا جائے۔ دنیا کے مختلف حصوں سے آنے والے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے اور ان سے سیکھنے سے ہمارے بچوں کے فن میں تنوع پیدا ہوتا ہے اور انہیں نت نئی چیزیں سیکھنے کا موق
