والدین کو اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے: راجا عمر خطاب
کراچی: کاونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ سندھ پولیس کے سابق سربراہ راجا عمر خطاب نے کہا والدین کو اپنے بچوں کی سرگرمیوں، میل جول اور بالخصوص ڈیجیٹل دنیا میں ان کے روابط پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ دہشت گرد اور انتہاپسند عناصرآن لائن اپلیکیشنز کے ذریعے نوجوانوں،بچوں سے رابطے کی کوشش کرتے ہیں۔وہ گزشتہ روز ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام’’معصوم بچے اور سائبر کرائم کا بڑھتا ہوا خطرہ‘‘ کے موضوع پربحریہ ٹائون ٹاور میں منعقدہ ہمدرد شوریٰ کراچی کے اجلاس سےبہ طور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ اجلاس کی صدارت اسپیکر جنرل (ر)معین الدین حیدر نے انجام دی۔ ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کی صدر محترمہ سعدیہ راشد، ڈائریکٹر سید محمد ارسلان کے ساتھ پاکستان کی کم عمرترین ڈیٹاسائنس دان آمنہ شہزاد نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔
راجا عمر خطاب نے کہا بچوں کی ذہن سازی کے عمل میں سوشل میڈیا، موبائل فون اور مختلف آن لائن پلیٹ فارمز اہم ذرائع کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ محض قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمے داری نہیں بلکہ اس کا آغاز گھر سے ہوتا ہے۔ والدین کو یہ سمجھنا چاہیے کہ ان کے بچے کہاں جاتے ہیں، کن لوگوں سے ملتے ہیں، کس نوعیت کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں اور انٹرنیٹ پر کن افراد سے رابطے میں رہتے ہیں۔ بعض اوقات بچے بہ ظاہر معمول کی زندگی گزار رہے ہوتے ہیں، لیکن پسِ پردہ ان کے ذہنوں میں انتہاپسندانہ نظریات جڑ پکڑ رہے ہوتے ہیں۔اس میں سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ ایسے نوجوانوں کے رویوں میں غیر معمولی اور نمایاں تبدیلیاں آتی ہیں، جنہیں گھر والے نوٹ کرسکتے ہیں۔ تنہائی اختیار کرنا، گھر والوں سے دوری، معمولات میں اچانک تبدیلی اور مشکوک روابط بعض اوقات کسی گہری ذہنی یا نظریاتی تبدیلی کی نشانیاں ہو سکتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کی اہمیت سے انکار نہیں بلکہ اب ٹیکنالوجی کی ترقی میں مزید تیزی آئے گی۔ اس لیے بچوں کو نصیحت کرنے یا پابندیاں عائد کرنے کے بجائے بچوں کے خیالات، مسائل، دوستوں اور دلچسپیوں کو سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ بچوں کو اس قدر اعتماد دیا جائے کہ وہ کسی بھی مشکوک رابطے، غیر معمولی پیغام یا ذہنی الجھن کے بارے میں بلا خوف اپنے والدین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بات کر سکیں۔والدین کو بھی پولیس اور دیگر اداروں کے متعلق معلومات ہونی چاہیے تاکہ بروقت مدد طلب کرسکیں۔
ڈاکٹر رضوانہ انصاری نے کہا اسکرین کا نشہ دیگر نشوں سے زیادہ مہلک ہے کیوں کہ اس میں سرور کے ساتھ تفریح ہے جس سے بڑے بچے سب ہی متاثر ہورہے ہیں۔ ہر ایک کا اسکرین ٹائم مسلسل بڑھتا جارہا ہے جو گھرانوں میں باہمی محبت پر اثر انداز ہورہا ہے۔سائبر کرائم کا شکار ہونے والےبچے ذہنی دباؤ، خوف، عدم تحفظ اور احساسِ کمتری کا شکار ہو سکتے ہیں۔ ان کا اعتماد متزلزل ہو جاتا ہے، رویوں میں تبدیلی آتی ہے اور بعض اوقات ان کی نیند بھی متاثر ہوتی ہے۔ والدین کو بچوں کے رویوں میں آنے والی غیر معمولی تبدیلیوں پر توجہ دینی چاہیے۔ مثلاً کیا بچہ موبائل فون چھپانے لگا ہے؟ کیا وہ تنہائی میں جا کر کمرہ بند کر لیتا ہے؟ کیا کسی پیغام کو دیکھ کر خوف زدہ یا پریشان ہو جاتا ہے؟ کیا اس کے رویے میں اچانک تبدیلی آ رہی ہے؟ اکثر والدین ان علامات کو نظرانداز کر دیتے ہیں اور بچے کو نافرمان یا بات نہ ماننے والا قرار دے دیتے ہیں، حالاں کہ اس کے پیچھے کوئی نفسیاتی مسئلہ یا ناخوش گوار تجربہ بھی ہو سکتا ہے۔
بچوں کو جسمانی طور پر متحرک رکھنا ضروری ہے۔ گھروں میں بھی مخصوص اوقات کے لیے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے اور ایک ایسا وقت مقرر کیا جائے جب گھر کے تمام افراد موبائل فون ایک طرف رکھ کر ایک دوسرے کے ساتھ وقت گزاریں۔ اس دوران باہمی گفتگو کی جائے اور بچوں سے ان کے روزمرہ معمولات، اسکول کی سرگرمیوں اور دوستوں کے بارے میں پوچھا جائے۔
جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہاموبائل فون اور انٹرنیٹ سے وابستہ خطرات صرف پاکستانی بچوں تک محدود نہیں بلکہ دنیا بھر کے بچوں کو متاثر کر رہے ہیں۔ اگرچہ جدید ٹیکنالوجی، واٹس ایپ اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات نے رابطوں اور معلومات کے تبادلے کو انتہائی آسان بنا دیا ہے، لیکن اسی ٹیکنالوجی کے ذریعے جاسوسی، ذاتی معلومات کی چوری، ڈیٹا کی خرید و فروخت اور ذہن سازی جیسے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔
ڈیٹاسائنس دان آمنہ شہزادنے بتایا کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ کی بدولت اب علم پر چند ممالک کی اجارہ داری نہیں رہی۔ اپنے وقت کے درست استعمال سے آج ہم جدید علوم پر دسترس حاصل کرسکتے ہیں۔
اجلاس سے ظفر اقبال، مظفر اعجاز، ڈاکٹر عامر طاسین، کموڈور (ر)سدید انور ملک، مبشر میر، سینیٹرعبدالحسیب خان، پروفیسر ڈاکٹر تنویر خالد، ڈاکٹر جعفر احمد اور کرنل(ر)مختار احمد بٹ اور دیگر نے بھی اظہار خیا ل کیا۔
