آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی: ورلڈ کلچر فیسٹیول 2026ء کے چوتھے روز موسیقی، فلم، تھیٹر اور رقص کے رنگ سجے رہے
کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام تیسرے ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2026ء کے چوتھے روز میوزیکل ماسٹر کلاس ’’VIOLA & CELLO‘‘، پاکستانی فلم ’’وکھری‘‘ کی اسکریننگ، تھیٹر پرفارمنس ’’Chicha‘‘، میوزیکل پروگرام ’’Crossfade‘‘ اور رقص پر مبنی پروگرام ’’Beats Galore‘‘ سمیت مختلف ثقافتی سرگرمیاں پیش کی گئیں۔ عالمی ثقافتی میلے کے چوتھے روز کا آغاز بین الاقوامی میوزک ماسٹر کلاس سے ہوا، جس میں متحدہ عرب امارات، جنوبی کوریا اور فرانس سے تعلق رکھنے والے معروف میوزیکل گروپ ALIF DUO نے خصوصی تربیتی سیشن منعقد کیا۔ ماسٹر کلاس کا موضوع ’’Strings, Harmony and Counterpoint‘‘ تھا۔ فنکاروںSeulki Lee اورAntonin Le Faure نے شرکاء کو موسیقی کی عملی تربیت فراہم کرتے ہوئے وائلن، وائیولا (Viola) اور چیلو (Cello) بجانے کی تکنیکی مہارتوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر کلاسیکی مغربی موسیقی کی باریکیوں، ہم آہنگی اور تال میل کے مختلف پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ورکشاپ کے دوران Antonin Le Faure نے کہا کہ انہوں نے ایشیائی، افریقی اور دیگر ممالک کی موسیقی سیکھی ہے۔ موسیقی سیکھنے کے لیے تجسس کا ہونا ضروری ہے اور اس کا ہر سُر ایک خاص اہمیت اور کردار رکھتا ہے۔ موسیقی کو سیکھنے کے لیے اسے محسوس کرنا بھی ضروری ہے۔ Seulki Lee نے کہا کہ موسیقی میں ایک سُر کی معمولی سی تبدیلی بھی واضح طور پر محسوس کی جاسکتی ہے۔ مصنوعی ذہانت (AI) کبھی بھی اس پیشے کی جگہ نہیں لے سکتی کیونکہ موسیقی کے ذریعے ہم اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔
ماسٹر کلاس میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے فنکاروں اور موسیقی کے طلباء نے بھرپور جوش و خروش سے شرکت کی۔ فیسٹیول میں پاکستانی فلم ’’وکھری‘‘ کی اسکریننگ کی گئی، جس میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فلم کے اختتام پر ہدایتکارہ ارم پروین بلال نے ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ پروڈیوسر عابد مرچنٹ نے بالمشافہ شرکت کرتے ہوئے فلم کے حوالے سے مباحثے میں حصہ لیا۔ اس دوران شرکاء نے فلم کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی اور سوالات بھی کیے۔ یوراگوئے کے تھیٹر گروپ Grieta Teatroکی جانب سے’’Chicha‘‘ پیش کیا گیا، جس میں فنکارہBetina Andarina نے تنہا پرفارم کیا۔ یہ ایک منفرد فزیکل تھیٹر اور کلاؤن ڈراما شو تھا، جس میں موسیقی، جسمانی حرکات اور یادوں کے ذریعے انسانی جذبات، خاموشی اور ماضی کی کہانی بیان کی گئی۔ 45 منٹ دورانیے پر مشتمل اس پرفارمنس میں فنکارہ نے اپنی اداکاری اور موسیقی کے ذریعے ناظرین کو ہنسنے اور جذباتی ہونے کے ساتھ انسان ہونے کے حقیقی مفہوم پر غور کرنے کا موقع فراہم کیا۔ بین الاقوامی میوزیکل پروگرام ’’CROSSFADE‘‘ میں جاپان، فرانس، پاکستان اور سربیا سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے اپنی موسیقی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام میں جاپان کی Juna Serita، فرانس کے Zakaria Haffar، پاکستان کے Asteria اور سربیا کے Aleksander نے پرفارم کیا۔ مختلف ممالک کے فنکاروں کی منفرد موسیقی اور دلکش دھنوں نے حاضرین کو محظوظ کیا۔
فیسٹیول کے چوتھے روز کا اختتام ’’Beats Galore‘‘ پر ہو اجس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے فنکاروں نے اپنی شاندار ڈانس پرفارمنس پیش کی۔ اس پروگرام میں امریکا کیValerie Green، برطانیہ کے Josh Middleton &Rebecca Solomon، ایکواڈور کےAway Runakuna، برازیل کے Cia Livre de Dança da Rocinha، سنگاپور کی Sherene Josephاور کروشیا کیTina Zubovic & Sovapa Students نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ مختلف ثقافتوںاور دلکش انداز میں رقص میں پیش کی گئی پرفارمنس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا۔ فنکاروں کی شاندار پیشکش پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا اور شائقین نے بھرپور داد دی۔
پروگرام کے دوران ہال تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا رہا جبکہ بین الاقوامی فنکاروں کی شاندار پرفارمنس کو بے حد پسند کیا گیا۔واضح رہے ورلڈ کلچر فیسٹیول میں 150 سے زائد ممالک کے ایک ہزار سے زیادہ بین الاقوامی فنکاروں کے ساتھ پاکستان کے 500سے زائد فنکار بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ 25 روزہ فیسٹیول کے دوران تھیٹر، موسیقی، رقص اور بصری فنون سمیت مختلف ثقافتی سرگرمیاں پیش کی جائیں گی، جن کے ذریعے دنیا بھر کی ثقافتوں، فنون اور روایات کو اجاگر کیا جائے گا۔ ورلڈ کلچر فیسٹیول 22 نومبر تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا جس میں عوام مفت رجسٹریشن کے ذریعے شرکت کرسکتے ہیں۔
