ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیرکے میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز کی زیر صدارت تعارفی میٹنگ منعقد

ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیرکے میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز کی زیر صدارت تعارفی میٹنگ منعقد

کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے  میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز کی زیر صدارت ٹاؤن کے مختلف محکموں کے سربراہان اور ڈائریکٹرز کے ساتھ ایک اہم تعارفی میٹنگ منعقد ہوئی ،  میٹنگ کا مقصد تمام ڈپارٹمنٹل سربراہان سے باضابطہ تعارف، محکمانہ امور سے آگاہی اور جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف شعبہ جات کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔

میٹنگ خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا، جس کے دوران میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے تمام محکموں کے سربراہان سے ان کے شعبہ جات، جاری کاموں، درپیش مسائل اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ٹاؤن کے تمام ترقیاتی اور انتظامی امور کو باہمی تعاون، مؤثر حکمت عملی اور مربوط رابطہ کاری کے ذریعے مزید بہتر بنایا جائے گا۔

میونسپل کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کے سربراہان اپنے اپنے شعبہ جات میں جاری ترقیاتی و انتظامی کاموں کی روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ مرتب کریں گے، جسے باقاعدگی سے  کمشنر آفس. ڈپٹی کمشنر آفس ارسال کیا جائے گا، تاکہ ہر کام کی پیش رفت، معیار اور رفتار کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر آفس، کمشنر آفس اور ریجنل ڈائریکٹر کی جانب سے موصول ہونے والے سرکاری احکامات اور ہدایات پر بروقت عمل درآمد کیا جائے اور سرکاری امور میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہ برتی جائے۔

اس موقع پر میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز نے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی جانب سے ٹاؤن کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین منگھوپیر جس محنت، لگن اور دلچسپی کے ساتھ ٹاؤن کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیئرمین کی قیادت اور تمام محکموں کے باہمی اشتراک سے جاری ترقیاتی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور تیز رفتار بنایا جائے گا، تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

میٹنگ میں اکاؤنٹ آفیسر  فیاض حسین چنا، ڈائریکٹر ایچ آر ایم محمد قدیرالدین، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن حافظ محمد شعیب، ڈائریکٹر انفارمیشن اسد صدیقی، ڈائریکٹر ٹیکس اینڈ روڈ کٹنگ عبدالغفار جتوئی، بی اینڈ آر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے آفاق عالم، انچارج اسپورٹس و پی او ایل اسلم بروہی، ایم ای ڈی ڈیپارٹمنٹ سے فہدجمیل، ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس ساگر خان اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ یعقوب پہنور سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

میٹنگ کے اختتام پر میونسپل کمشنر نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ایک متحد اور فعال ٹیم کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں، باہمی رابطے اور تعاون کو فروغ دیں اور ہر کام کی بروقت تکمیل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، تاکہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر میں ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرتے ہوئے شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں