محکمہ لوکل گورنمنٹ کا تمام کونسلز میں خلاف قانون بھرتیوں اور بجٹ میں بےضابتگیوں کی منصفانہ جانچ پڑتال کرانے کا فیصلہ
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر وزیراعلیٰ سندھ کی قائم کردہ کمیٹی کا اجلاس
اجلاس میں یوسی، میونسپل کارپوریشن،ٹاؤن،ڈسٹرکٹ کاونسل تک کارگردگی اور شفافیت کا جائزہ لینے کا فیصلہ
کراچی: وزیر بلدیات،ہاوسنگ و ٹاؤن پلاننگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر وزیر اعلیٰ کی جانب سے قائم کمیٹی سندھ بھر کے یوسی،ٹاؤن،میونسپل کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کاونسل تک کی کارگردگی،شفافیت اور شکایات کے حوالے سے جائزہ لے کر اس کی حتمی سفارشات وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کرے گی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کو یوسی لیول سے ٹاؤن،میونسپل کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کاونسل تک مختلف شکایات موصول ہوئی ہیں جس کی بناء پر انہوں نے وزیر اعلیٰ کو ہدایت دی کہ ان شکایات کے تدارک کے لیے فوری اقدامات اٹھاۓ جاۓ جس پر وزیر اعلیٰ نے وزیر بلدیات کی قیادت میں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے جس کے اراکین ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات ڈاکٹر وسیم شمشاد،چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم کے ممبر انور شر،لوکل گورنمنٹ کمیشن کے ممبر عبدالرحیم سومرو اور میر حسین علی شامل ہیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کی تمام لوکل کونسلز یوسی ٹاؤن،میونسپل کارپوریشن اور ڈسٹرکٹ کاونسل تک میں خلاف قانون بھرتیوں ، بجٹ میں بےضابتگیوں ،اختیارات سے تجاوز اور دیگر غیر قانونی اقدامات کے حوالے سے شفافیت کے ساتھ منصفانہ جانچ پڑتال کی جائے گی۔
ناصر شاہ نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد تمام کارپوریشن ٹاؤن یوسی اور ڈسٹرکٹ کاونسل کی کارگردگی میں اضافہ کرنا ہے چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق عوام کی دہلیز تک سہولیات کی فراہمی، ریلیف پہنچانا اور عوامی شکایات کا ازالہ کرنا ہے اجلاس میں تمام کارپوریشن،ڈسٹرکٹ کاونسل، یوسی اور ٹاؤن کی سطح پر بجٹ آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
ناصر شاہ نے کہا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد صوبے کی تمام لوکل کونسلز میں عوامی خدمات کو یقینی بنانے کے لیے صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
