فضل الرحمان کی پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات، چارٹر آف ڈیموکریسی کی تجویز پر اتفاق
اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کی قیادت سے اہم ملاقات کی اور چارٹر آف ڈیمو کریسی کی تجویز پیش کی جس پر پی ٹی آئی نے اتفاق کیا، اس حوالے سے جلد اے پی سی بلائی جائے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا فضل الرحمٰن نے وفد کے ہمراہ قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال، آئینی و جمہوری امور اور اپوزیشن جماعتوں کے باہمی تعاون پر گفتگو ہوئی۔شرکاء نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کی شدید مذمت کی۔
شرکاء نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کو عوام کی حاکمیت اور جمہوری اصولوں کے منافی قرار دیا۔
شرکا نے پی ٹی آئی کے گرفتار وزیراعلیٰ، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور اراکین قومی اسمبلی کی گرفتاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اپوزیشن رہنماؤں نے سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی اور سیاسی آزادیوں کے تحفظ کا مطالبہ کیا۔
ملاقات میں آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی، شرکاء نے مولانا فضل الرحمٰن کے نئے میثاقِ جمہوریت کے مؤقف کی حمایت کی۔
