کمشنر کراچی کی زیر صدارت منگھوپیر،مومن آباد اور اورنگی ٹاؤنز کی ترقیاتی کارکردگی، بلدیاتی امور اور مالیاتی معاملات کا جائزہ اجلاس
کراچی: کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس ضلع غربی میں منگھوپیر، مومن آباد اور اورنگی ٹاؤنز کی ترقیاتی کارکردگی، بلدیاتی امور اور مالیاتی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ضلع غربی علی ذوالفقار میمن، اسسٹنٹ کمشنر منگھوپیر پرتھوی سریش، چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی، میونسپل کمشنر ملک مجتبیٰ ایاز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو منگھوپیر ٹاؤن کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، شہریوں کو درپیش مسائل، دستیاب وسائل اور بلدیاتی ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے ٹاؤن میں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے درپیش مشکلات اور ترجیحی نوعیت کے امور سے بھی آگاہ کیا۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے منگھوپیر ٹاؤن کی ضروریات اور مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود شہری سہولیات کی بہتری، ترقیاتی سرگرمیوں کے تسلسل اور عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منگھوپیر جیسے وسیع علاقے میں شہری مسائل کے مؤثر حل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط حکمت عملی اور مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔
اجلاس کے دوران منگھوپیر روڈ کی صورتحال اور PIDCL سے متعلق امور خصوصی توجہ کا مرکز رہے۔ سڑک کی مرمت و بحالی اور اس ضمن میں درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے، سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
بریفنگ میں منگھوپیر ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں اسکولوں، ڈسپنسریوں، سڑکوں، فٹ پاتھوں، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی مرمت و بہتری کے لیے جاری کاموں کا بھی جائزہ پیش کیا گیا۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے بلدیاتی امور اور ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور شہری مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی اور ڈپٹی کمشنر ضلع غربی علی ذوالفقار میمن نے اجلاس میں پیش کی گئی ترقیاتی رپورٹ، بلدیاتی امور اور کارکردگی سے متعلق بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پیش رفت کو سراہا۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ شہری مسائل کے حل، ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر تکمیل اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور تعاون کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی خدمات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر منگھوپیر ملک مجتبیٰ ایاز، ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگز اینڈ روڈز آفاق عالم، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن حافظ محمد شعیب، ڈائریکٹر پراپرٹی ٹیکس ساگر خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔
