چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ، کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ، کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ

کراچی: چیئرمین محمد یوسف نے نیو کراچی ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے پارک روڈ سمیت مختلف سڑکوں، پارکس اور عوامی سہولتوں کے منصوبوں پر جاری کام کی رفتار، معیار اور پیش رفت کا جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر اعلیٰ تعمیراتی معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات میسر آسکیں۔دورے کے دوران چیئرمین محمد یوسف کے ہمراہ ایم اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کے انچارج فیصل صغیر، ا انجینئر ساجد صدیقی، انجینئر صفدر حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر پارکس آفتاب احمد، چیئرمین یو سی  8  ڈاکٹر خالد، وائس چیئرمین یو سی  8  عمران فقیر، وائس چیئرمین یو سی 11 عمران شفیق اور وائس چیئرمین یو سی  5  توقیر خان بھی موجود تھے۔ذمہ داران اورمتعلقہ افسران نے منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی جبکہ مختلف مقامات پر جاری کام کا موقع پر معائنہ بھی کیا۔

اس موقع پر چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کی تعمیر و ترقی، جدید شہری سہولتوں کی فراہمی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری منتخب بلدیاتی قیادت کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کے ٹیکس کا ہر روپیہ دیانت داری، شفافیت اور منصوبہ بندی کے ساتھ عوامی فلاح پر خرچ کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ برسوں سے نظر انداز رہنے والے علاقوں میں ترقی کا عمل تیز کیا جائے، سڑکوں، پارکوں اور دیگر شہری سہولتوں کو بہتر بنا کر عوام کو ایک صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جائے۔ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل صرف انتظامی ذمہ داری نہیں بلکہ عوام سے کیا گیا وعدہ ہے، جسے ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔

چیئرمین محمد یوسف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبوں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے، تعمیراتی میٹریل اور کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور غیر ضروری تاخیر یا غفلت کے ذمہ دار عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک مثالی اور ترقی یافتہ بلدیاتی ادارہ بنانے کے لیے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ آئندہ بھی اسی رفتار سے جاری رہے گا اور شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔دورے کے اختتام پر چیئرمین محمد یوسف نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی خدمت، شفاف طرزِ حکمرانی اور معیاری ترقیاتی کام ہی نیو کراچی ٹاؤن کی شناخت بنیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں