ایران کے میزائل یورپ اور امریکی شہروں تک پہنچ سکتے ہیں: ٹرمپ کا دعویٰ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے ایسے میزائل تیار کرلیے ہیں جو یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں
امریکی ریاست مسیسیپی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے میزائل ڈیاگو، لاس اینجلس سمیت امریکا کے دیگر شہروں کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔
ٹرمپ نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے معاشی اثرات کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع تھی کہ جنگ کے باعث تیل کی قیمتوں میں اس سے کہیں زیادہ اضافہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس صورتحال کے لیے پہلے ہی تیار تھے۔ایران کے خلاف فوجی کارروائی کے سوا امریکا کے پاس کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا اور یہ اقدام بہت پہلے کیا جانا چاہیے تھا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا نے ایران کے ساتھ جنگ شروع نہیں کی بلکہ ان کے بقول ایران نے امریکا کے خلاف جنگ کا آغاز کیا۔
جنگ بندی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یہ انتظام کبھی زیادہ پسند نہیں آیا۔ ان کے مطابق امریکا نے جنگ بندی کے ذریعے اچھا بننے کی کوشش کی، لیکن ان کے خیال میں یہ محض وقت ضائع کرنے کے مترادف ثابت ہوئی۔
