وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت چینی سرمایہ کاروں کے وفد کا اہم اجلاس
کراچی: وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت چینی سرمایہ کاروں کے وفد کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کراچی میں مختلف شعبوں بالخصوص فائر فائٹنگ کے جدید نظام، مشینری اور ڈی سیلینیشن پلانٹس سمیت دیگر شہری سہولیات کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری قاسم نوید قمر، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، سیکریٹری بلدیات سندھ وسیم شمشاد، سی او واٹر کارپوریشن اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چینی سرمایہ کاروں نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور شہری بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی، مشینری اور سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت کی۔
اس موقع پر فائر فائٹنگ کے جدید آلات، مشینری اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جدید نظام کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے آگ بجھانے کے جدید اور مؤثر نظام سے لیس ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، سندھ حکومت شہری علاقوں میں ریسکیو اور ایمرجنسی رسپانس کی صلاحیت کو مزید بہتر بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریسکیو 1122 اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کو فائر فائٹنگ کے جدید نظام، آلات اور مشینری سے آراستہ کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں واٹر کارپوریشن کے سی او نے ادارے کی ضروریات، موجودہ انفراسٹرکچر اور شہریوں کو پانی کی فراہمی سے متعلق منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی اور پانی کی ضروریات کے پیش نظر نئے اور پائیدار آبی منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ نجی شعبے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تعاون سے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے شہری مسائل کے دیرپا حل تلاش کیے جا رہے ہیں۔
وزیر بلدیات نے مزید بتایا کہ چینی سرمایہ کاروں نے کراچی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کے منصوبے میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جو شہر میں پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندری پانی کو قابل استعمال بنانے کے منصوبوں سے کراچی میں پانی کی قلت پر قابو پانے میں مدد مل سکتی ہے اور مستقبل میں شہری آبادی کو پانی کی فراہمی کے نظام کو مزید مستحکم کیا جا سکے گا۔ اجلاس میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور باہمی تعاون کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے اور عوامی سہولیات سے متعلق منصوبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے کراچی کے شہری نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
