کراچی کی لڑکیوں سے انوکھی واردات، ملزمان نوکری کا جھانسہ دیکرموبائیل لے گئے
گڈاپ سٹی پولیس کی فوری کارروائی، ملازمت کے جھانسہ کے نام پر فارم ہاؤس لائی گئی 59 لڑکیوں کے موبائل فون لے کر فرار ملزم کی تلاش،خاتون سمیت 2 ملزمان گرفتار
کراچی کے مختلف علاقوں سے تقریباً 59 لڑکیوں کو بحریہ ٹاؤن میں ایکٹویٹی کے نام سے ایونٹ میں ملازمت کا جھانسہ دیکر انٹرویو کے نام پر گڈاپ سٹی کے علاقے میں واقع انصاری میڈوز فارم ہاؤس، نزد بقائی کیڈٹ کالج گڈاپ کراچی پر لایاگیا۔
لڑکیوں کو بتایا گیا کہ فارم ہاؤس میں بحریہ ٹاؤن کے بلڈرز /افسران ان کے انٹرویوز اور ملاقات کریں گے۔
فارم ہاؤس کی بکنگ وقاص نامی شخص نے کرائی تھی۔
لڑکیوں کو فارم ہاؤس پر جمع کرنے میں نرگس نامی خاتون کوآرڈینیٹر بھی شامل تھی، جبکہ ساحل سلمان نامی ایونٹ آرگنائزر تھا بتایا جارہا ہے۔
لڑکیوں کے مطابق ساحل سلمان نے یہ کہہ کر تمام لڑکیوں کے موبائل فون جمع کرلیے کہ باس کی آمد کے دوران کسی قسم کی ڈسٹربنس نہ ہو۔
موبائل فون جمع کرنے کے بعدساحل سلمان نامی شخص تمام موبائل فونز لے کر فارم ہاؤس سے فرار ہوگیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی گڈاپ سٹی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور متاثرہ لڑکیوں سے معلومات حاصل کرتے ہوئے فوری کارروائی کا آغاز کیا۔
پولیس نے فارم ہاؤس بک کرانے والے وقاص نامی شخص اور کوآرڈینیٹر نرگس نامی خاتون کو گرفتار کرلیا۔
موبائل فونز لے کر فرار ہونے والے ساحل سلمان نامی ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کی تلاش جاری ہے۔واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا مزید کارروائی جاری ہے، جبکہ واقعے کے تمام محرکات اور دیگر پہلوؤں کی مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
