نذرعباس کراٹے اکیڈمی کو بین الاقوامی معیار کا کراٹے میٹ فراہم کردیا گیا
کراچی: سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امور نوجوانان کی جانب سے ضلع کیماڑی میں بچوں کو کراٹے کی تربیت فراہم کرنے والی نذر عباس کراٹے اکیڈمی کو بین الاقوامی معیار کا کراٹے میٹ فراہم کردیا گیا
سندھ حکومت کے محکمہ کھیل و امور نوجوانان کی جانب سے ضلع کیماڑی میں بچوں کو کراٹے کی تربیت فراہم کرنے والی نذر عباس کراٹے اکیڈمی کو بین الاقوامی معیار کا کراٹے میٹ فراہم کردیا گیا۔
سیکریٹری کھیل و امور نوجوانان سندھ منور علی مہیسر نے ضلع کیماڑی میں نذر عباس کراٹے اکیڈمی کا دورہ کیا اور انٹر کلب کراٹے چیمپئن شپ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چیمپئن شپ میں مختلف کراٹے کلبوں سے تعلق رکھنے والے 200 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
چیمپئن شپ کے اختتام پر سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید حبیب اللہ، ڈی ایس او کائنات قمر سمیت محکمہ کھیل کے افسران اور دیگر معززین نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے دور دراز علاقوں میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحصیل سطح پر جہاں بھی کھیلوں کے ایونٹس منعقد ہوں گے، محکمہ کھیل کی ٹیم وہاں شرکت کرکے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیلوں کو فروغ دے گی۔
منور علی مہیسر نے کہا کہ نذر عباس کراٹے اکیڈمی کے بچے پہلے سیمنٹ کے فرش پر کراٹے کی تربیت حاصل کر رہے تھے، جس کے پیش نظر اکیڈمی کو بین الاقوامی معیار کا کراٹے میٹ فراہم کیا گیا ہے تاکہ بچوں کو محفوظ اور بہتر ماحول میں تربیت حاصل کرنے کی سہولت میسر آسکے۔
سیکریٹری کھیل نے کہا کہ محکمہ کھیل سندھ کھلاڑیوں کی سرپرستی اور صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گا۔
