عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت اور روح پرور موقع پر منگھوپیر ٹاؤن میں ریلی اور جلوس کا انعقاد، ٹاؤن چیئرمین کی شرکت

عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت اور روح پرور موقع پر منگھوپیر ٹاؤن میں ریلی اور جلوس کا انعقاد، ٹاؤن چیئرمین کی شرکت

کراچی: بارہ ربیع الاول، عید میلاد النبی ﷺ کے بابرکت اور روح پرور موقع پر منگھوپیر ٹاؤن میں عقیدت و احترام کے ساتھ ریلی اور جلوس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے خصوصی شرکت کی۔ ریلی میں عاشقانِ رسول ﷺ کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ مختلف مقامات پر نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، درود و سلام اور ذکرِ مصطفیٰ ﷺ سے ماحول کو منور کیا گیا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین رانا محمد عارف، میونسپل کمشنر آغا خلیق، ٹاؤن کے افسران و ملازمین، مختلف یوسیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین، منتخب نمائندگان اور دیگر معززین بھی چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کے ہمراہ موجود تھے۔

بارہ ربیع الاول کی مناسبت سے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کی جانب سے ریلی کے روٹ اور مختلف مقامات پر خصوصی انتظامات بھی کیے گئے۔ عوام اور ریلی میں شریک افراد کے لیے مختلف جگہوں پر شربت کی سبیلیں قائم کی گئیں تاکہ گرمی کے موسم میں ریلی میں شرکت کرنے والے شہریوں کو ٹھنڈا شربت فراہم کیا جاسکے۔ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے مختلف  مقامات پر گلاب کے عرق کا اسپرے بھی کیا گیا، جس سے ریلی کے راستوں پر خوشگوار ماحول قائم رہا۔

اس موقع پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے شرکائے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہ ربیع الاول ہمارے لیے صرف خوشی اور عقیدت کا دن نہیں بلکہ اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات اور سنتِ مبارکہ کے مطابق ڈھالیں گے۔ نبی پاک ﷺ نے ہمیں زندگی گزارنے کا بہترین طریقہ عطا فرمایا، لہٰذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آپ ﷺ کی سنتوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔ نبی کریم ﷺ سے حقیقی محبت کا تقاضا یہ ہے کہ ہم آپ ﷺ کی بتائی ہوئی تعلیمات پر عمل کریں، نمازوں کی پابندی کریں، دین کو صحیح طور پر سیکھیں اور سمجھیں، اپنے اخلاق و کردار کو بہتر بنائیں اور اپنے معاملات میں سنتِ رسول ﷺ کو اختیار کریں۔ ہمیں صرف زبان سے محبتِ رسول ﷺ کا اظہار نہیں کرنا چاہیے بلکہ اپنے عمل سے بھی اس محبت کا ثبوت دینا چاہیے۔

حاجی نواز علی بروہی نے علماء کرام سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مساجد، مدارس اور تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم بچوں کو دین کی بنیادی تعلیمات کے ساتھ حقوق اللہ اور حقوق العباد کی بھی بھرپور تعلیم دی جائے۔ بچوں کو بتایا جائے کہ اللہ تعالیٰ کے حقوق کی ادائیگی کے ساتھ والدین، رشتہ داروں، پڑوسیوں، غریبوں، ضرورت مندوں اور معاشرے کے دیگر افراد کے حقوق ادا کرنا بھی دین کا اہم حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے ہمیں محبت، بھائی چارے، رحم دلی، حسنِ اخلاق، برداشت اور انسانیت کا درس دیا۔ ہمیں اپنے پڑوسیوں کا خیال رکھنا چاہیے، کسی کو تکلیف نہیں دینی چاہیے، ضرورت مندوں کی مدد کرنی چاہیے اور اپنے معاشرے میں امن و بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔

چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے صفائی ستھرائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام نے پاکیزگی اور صفائی کو خصوصی اہمیت دی ہے۔ ہمیں اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ اپنی گلیوں، محلوں، بازاروں اور پورے شہر کو بھی صاف ستھرا رکھنے کی ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ "صفائی نصف ایمان ہے” کے پیغام کو عملی زندگی کا حصہ بناتے ہوئے ہر شہری کو اپنے علاقے کی صفائی کا خیال رکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانا صرف بلدیاتی ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر شہری کا بھی فرض ہے۔ اگر ہم اپنے اردگرد صفائی رکھیں، کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں، نالوں اور سڑکوں کو گندگی سے محفوظ رکھیں اور دوسروں کو بھی صفائی کی ترغیب دیں تو ہم مل کر ایک بہتر اور خوبصورت معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

حاجی نواز علی بروہی نے مزید کہا کہ بارہ ربیع الاول ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں میں نبی کریم ﷺ کی سنتوں کو زیادہ سے زیادہ اپنائیں۔ سچ بولنا، وعدہ پورا کرنا، والدین کا احترام، پڑوسیوں کا خیال رکھنا، ضرورت مندوں کی مدد کرنا، صفائی کا خیال رکھنا، دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا اور اچھے اخلاق اختیار کرنا وہ عملی اقدامات ہیں جن کے ذریعے ہم سنتِ نبوی ﷺ کو اپنی زندگیوں میں زندہ کرسکتے ہیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں