جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی مختلف علاقوں سے برآمد جلوسوں میں شرکت
کراچی: جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کورنگی کے مختلف علاقوں سے برآمد ہونے والے جلوسوں میں خصوصی شرکت کی اور عاشقانِ رسول ﷺ کے ساتھ مل کر بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر کورنگی نمبر ½2 پر الحمد ہیومن سروسز کی جانب سے قائم کیے گئے خصوصی میڈیکل کیمپ کا دورہ کر کے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کی جانب سے دفتر کے باہر قائم سبیل کیمپ میں انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں میں شرکت کرنے والے عاشقانِ رسول ﷺ اور شہریوں کو ٹھنڈے پانی، مشروبات اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ جشنِ میلاد النبی ﷺ کی خوشیوں کو مزید اجاگر کرتے ہوئے چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی جانب سے اپنی رہائش گاہ پر خصوصی لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا، جہاں رکنِ سندھ اسمبلی فاروق اعوان، ٹاؤن کے افسران و ملازمین، معززینِ علاقہ اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شرکاء نے باہمی محبت، اخوت اور عقیدت کے ماحول میں لنگر تناول کیا۔ بعد ازاں چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے دعوتِ اسلامی ضلع کورنگی کے نگران قاری اقبال اور رابطہ مجلس ضلع کورنگی غلام محبوب عطاری کی زیرِ نگرانی جامعۃ المدینہ فیضانِ بغداد کورنگی سے برآمد ہونے والے عظیم الشان جلوس میں بھی خصوصی شرکت کی۔ جلوس میں خوشبودار اسپرے کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے شرکائے جلوس کے ساتھ مل کر لبیک یا رسول اللہ ﷺ، سرکار کی آمد مرحبا سمیت عقیدت و محبت پر مبنی نعرے بلند کیے۔ جلوس کے شرکاء نے جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے شہر بھر میں محبت، امن، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ ہمارے لیے محبتِ رسول ﷺ، اخوت، خدمتِ خلق اور اتحاد و اتفاق کا درس لے کر آتا ہے۔ کورنگی ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے میلاد النبی ﷺ کے جلوسوں میں شرکت کرنے والے شہریوں اور عاشقانِ رسول ﷺ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر وائس چیئرمین زرین اعوان نے بھی یوسی 1 قيوم آباد سے نکلنے والے جلوس میں شرکت کی اور لنگر بھی اہتمام کیا۔
