مومن آباد ٹاؤن میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے اجلاس
کراچی : مومن آباد ٹاؤن میں جشن عید میلاد النبی حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن مومن آباد ٹاؤن ملک عارف اعوان نے کی۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر اصغر علی، کوآرڈینیٹر معراج شاہ، فوکل پرسن خضر حیات، اراکین ٹاؤن کونسل اور بلدیاتی افسران بھی موجود تھے، جبکہ مختلف مکاتبِ فکر کے علمائے کرام، مذہبی شخصیات اور متعلقہ نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ہونے والے پروگرامز، محافل اور جلوسوں کے انتظامات سمیت صفائی ستھرائی، روشنی، سڑکوں اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ضروری انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
اس موقع پر چیئرمین ملک عارف اعوان نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت ہمارے لیے باعثِ رحمت و سعادت ہے، جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور علمائے کرام و مذہبی جماعتوں کے ساتھ بھرپور تعاون کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی، امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
