میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم چوک صدر کا افتتاح کردیا

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم چوک صدر کا افتتاح کردیا

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ رسول  ﷺ کی سیرتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے، نبی کریم  ﷺ نے زندگی کے ہر شعبے میں انسانوں کے لیے عملی رہنمائی اور بہترین اصول فراہم کیے، آپ  ﷺ سے سچی عقیدت و محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں سنتِ نبوی  ﷺ کو اپنائیں اور اپنے کردار، گفتار اور عمل کے ذریعے محبتِ رسول  ﷺ کا عملی اظہار کریں،ماہِ ربیع الاول امتِ مسلمہ کے لیے نہایت مقدس، بابرکت اور روحانی اعتبار سے اہم مہینہ ہے، اسی مبارک ماہ میں خاتم النبیین حضرت محمد مصطفی  ﷺ دنیا میں تشریف لائے اور انسانیت کو جہالت، گمراہی اور تاریکی سے نکال کر قرآنِ مجید کی صورت میں ہدایت و رہنمائی کا وہ لازوال پیغام عطا فرمایا جو قیامت تک انسانوں کے لیے روشنی کا ذریعہ بنا رہے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر ٹاؤن میں ”ختمِ نبوتؐ چوک“ افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پاکستانی پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، سٹی کونسل کے اراکین، وائس چیئرمین یوسی۔7 عبدالقادر باپو جیلانی، علماء کرام، مشائخ عظام اور عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاحی تقریب سے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کے بابرکت مہینے کے موقع پر ”ختمِ نبوتؐ چوک“ کی ازسرنو تعمیر، تزئین و آرائش، خوبصورتی، روشنی کے خصوصی انتظامات اور اطراف کی صفائی کا کام کیا گیا تاکہ یہ مقام مذہبی عقیدت و احترام کی بہترین علامت بن سکے،میئر کراچی نے کہا کہ ”ختم نبوتؐ چوک“ اہل کراچی کی جانب سے نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت، عقیدت اور احترام کا اظہار ہے، کراچی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کرنے والوں کا شہر ہے اور یہاں ایسے کام کیے جا رہے ہیں جنہیں آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی، انہوں نے کہا کہ میئر کا عہدہ آنے جانے والی چیز ہے، وہ مرتے دم تک عاشق رسولؐ رہیں گے۔

میئر کراچی نے کہا کہ صدر ٹاؤن میں ”ختم نبوتؐ چوک“ کا قیام شہر کی مذہبی شناخت اور اہل کراچی کی محبت و عقیدت کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے، جب ان کے سامنے ”ختم نبوتؐ چوک“ بنانے کی درخواست رکھی گئی تو انہوں نے فوری طور پر اس کام کی منظوری دی، وعدہ کیا اور وعدے کو وفا بھی کیا، ہم سب غلام مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقے پر عمل کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے، وہ ہمیشہ یہ سوچتے ہیں کہ ایسے کون سے کام کیے جائیں جنہیں لوگ ہمیشہ یاد رکھیں، ”ختم نبوتؐ چوک“ بھی اہل کراچی کے لیے ایسا ہی ایک خوبصورت تحفہ ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری محبت، اخوت اور احترام کے جذبے سے سرشار ہیں اور شہر میں ترقیاتی کاموں کے ساتھ ساتھ اس کی تاریخی، مذہبی اور ثقافتی شناخت کو بھی اجاگر کیا جا رہا ہے۔

میئر کراچی نے ”ختم نبوتؐ چوک“ کی دیکھ بھال کی ذمہ داری الیکٹرونک مارکیٹ سے وابستہ افراد کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ چوک کی حفاظت اور دیکھ بھال میں اپنا کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ ہم اسی طرح انسانیت کی خدمت کرتے رہیں گے اور اپنے وعدوں کو وفا کریں گے، عوامی خدمت کا سلسلہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ہمارے ایمان کا اہم حصہ ہے اور ”ختم نبوتؐ چوک“ شہر میں عقیدت و محبت کی نئی علامت بن گیا ہے۔

اس موقع پر میئر کراچی کو ”ختم نبوتؐ چوک“ کے حوالے سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں