منگھوپیر ٹاؤن کے زیرِ اہتمام ٹاؤن آفس میں شاندار، پروقار اور قومی جذبے سے سرشار تقریب کا انعقاد
کراچی: جشنِ آزادیٔ پاکستان کے موقع پر ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے زیرِ اہتمام ٹاؤن آفس میں ایک شاندار، پروقار اور ملی جذبے سے سرشار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر حاجی نواز علی بروہی، میونسپل کمشنر آغا خلیق،وائس چیئرمین رانا محمد عارف, ٹاؤن کے افسران، کونسل ممبران اور دیگر ملازمین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز جشنِ آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹنے سے ہوا، جس کے بعد چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے پرچم کشائی کی۔ پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی ۔ اس موقع پر وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
جشنِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد، لازوال قربانیوں اور عزم و حوصلے کا ثمر ہے۔ قیامِ پاکستان کے لیے ہمارے بزرگوں نے اپنا گھر بار، جائیدادیں اور اپنے پیاروں تک کو قربان کیا، ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں اور بے شمار مشکلات کا سامنا کیا، تب جا کر ہمیں ایک آزاد اور خودمختار وطن نصیب ہوا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم جس آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، اپنے مذہبی و قومی تشخص کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں اور اپنے مستقبل کے فیصلے خود کرنے کا حق رکھتے ہیں، یہ سب پاکستان کی آزادی کی بدولت ہے۔ اس آزادی کی قدر کرنا اور اسے مضبوط بنانا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کی آزادی اور خودمختاری کے تحفظ میں پاک فوج اور دیگر قومی اداروں کا کردار قابلِ فخر اور ناقابلِ فراموش ہے۔ ہماری بہادر افواج نے ہمیشہ ملک کی سرحدوں کے دفاع اور وطن کی سلامتی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں اور پاک فوج کے جوانوں کی بے مثال خدمات کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف ایک سرزمین کا نام نہیں بلکہ یہ ہمارے بزرگوں کے خواب، قربانیوں اور امیدوں کی علامت ہے۔ آج ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنے وطن کو مزید مضبوط، پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے اپنے حصے کا کردار ایمانداری، محنت اور خلوصِ نیت سے ادا کریں گے۔ قومی ترقی کے لیے اتحاد، اخوت، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان کے وسیع تر مفاد کو ترجیح دینی چاہیے، کیونکہ ایک مضبوط اور متحد قوم ہی اپنے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔
انہوں نے نوجوان نسل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ انہیں تحریکِ پاکستان کی تاریخ، اپنے بزرگوں کی قربانیوں اور آزادی کی حقیقی قدر و قیمت کو سمجھنا ہوگا۔ تعلیم، محنت، کردار اور مثبت سوچ کے ذریعے نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور وطن سے وفاداری کے اظہار کے لیے ایک پُرجوش ریلی بھی نکالی گئی۔ ریلی میں چیئرمین حاجی نواز علی بروہی، وائس چیئرمین رانا محمد عارف، میونسپل کمشنر آغا خلیق، ٹاؤن کے افسران، کونسل ممبران اور دیگر شرکاء نے قومی پرچم تھامے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے فضا کو گونجا دیا اور سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت اور پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔
جشنِ آزادی کی اس پروقار تقریب میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار، ملی نغموں، قومی نعروں اور شرکاء کے جوش و جذبے نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے ماحول کو حب الوطنی کی کیفیت سے سرشار کر دیا۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے۔

