چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی زیرِ قیادت جشنِ آزادی تقریب کا انعقاد، پرچم کشائی بھی کی
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی زیرِ نگرانی ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے تحت چلنے والے پیپلز یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام (PYSDP) کے دفتر میں ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد عامر کے زیر اہتمام جشنِ آزادی کے سلسلے میں ایک نہایت پروقار، شاندار اور ملی جذبے سے بھرپور تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پی ایس 92 کے خواتین ونگ کی صدر ندا ناز سمیت طالبات، اساتذہ، پروگرام کے منتظمین اور ڈائریکٹر I.T شجاعت حسین سمیت ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے افسران و ملازمین نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے آغاز پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی آمد پر اسکول کی طالبات نے نہایت جوش و خروش اور والہانہ انداز میں ان کا استقبال کیا۔ طالبات نے بینڈ باجے کی خوبصورت دھنوں کے ساتھ چیئرمین کورنگی ٹاؤن کو خوش آمدید کہا جبکہ ننھی طالبات نے پھولوں کا تحفہ پیش کرکے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تقریب میں شریک طلبہ و طالبات نے پاکستان زندہ باد اور جشنِ آزادی کے فلک شگاف نعرے لگا کر ماحول کو ملی جوش و جذبے سے بھر دیا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ایک طالبہ نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ نعتِ رسول ﷺ کے دوران تقریب میں موجود شرکاء پر روحانی کیفیت طاری رہی۔ اس کے بعد ایک ننھی طالبہ نے نہایت پُراعتماد انداز میں پاکستان کی آزادی، قومی یکجہتی، بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی جدوجہد اور ملک و قوم کے لیے نئی نسل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے شاندار تقریر پیش کی، جسے شرکاء نے بھرپور انداز میں سراہا۔ مختلف گروپس میں طالبات نے قومی نغموں اور ملی ترانوں پر خوبصورت ٹیبلوز اور شاندار پرفارمنس پیش کی۔ طالبات نے سبز و سفید لباس، قومی پرچم اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ایک اور طالبہ نے جذبۂ حب الوطنی سے سرشار ملی نغمہ پیش کیا، جس نے تقریب میں موجود ہر شخص کے دلوں میں وطن کی محبت کا جذبہ مزید اجاگر کردیا۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے طالبات کی جانب سے پیش کیے جانے والے ٹیبلوز اور شاندار پرفارمنس کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا مستقبل ہماری نوجوان نسل سے وابستہ ہے اور بچوں میں حب الوطنی، تعلیم، ہنر اور مثبت سوچ کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے طالبات کی محنت اور صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ٹیبلوز پیش کرنے والی بچیوں کو نقد تحائف بھی دیے، جس پر طالبات میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔تقریب کے دوران پاکستان کی آزادی کی مناسبت سے خصوصی پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے قومی پرچم لہرایا تو شرکاء نے احترام کے ساتھ قومی پرچم کو سلام پیش کیا۔ پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے دوران تمام شرکاء نے نہایت احترام اور حب الوطنی کے جذبے کے ساتھ قومی ترانے میں شرکت کی۔ قومی پرچم کے لہراتے ہی تقریب کا ماحول ملی جذبے، قومی یکجہتی اور پاکستان سے والہانہ محبت کی کیفیت سے بھر گیا۔پرچم کشائی کے بعد چیئرمین کورنگی ٹاؤن، اساتذہ، طالبات اور پروگرام کے منتظمین نے مل کر جشنِ آزادی کے حوالے سے کیک کاٹا۔
اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور پاکستان ہمارے بزرگوں کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور لازوال عزم کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی منانے کا اصل مقصد صرف خوشی کا اظہار نہیں بلکہ اس عہد کی تجدید بھی ہے کہ ہم اپنے وطن کی ترقی، استحکام، خوشحالی اور سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، آزادی کی جدوجہد اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کے اصولوں سے روشناس کرانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پیپلز یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام (PYSDP) کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جدید تعلیم، ٹیکنالوجی اور مختلف ہنر سے آراستہ کرکے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تعلیم اور ہنر کے ساتھ قومی شعور اور حب الوطنی بھی نوجوانوں کی شخصیت سازی کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کورنگی ٹاؤن میں نوجوانوں اور طلبہ و طالبات کے لیے مثبت، تعلیمی، تربیتی، ثقافتی اور صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کا سلسلہ مزید جاری رکھا جائے گا۔
چیئرمین نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد عامر، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیت PYSDP کی انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ طالبات نے جس اعتماد، محنت اور خوبصورت انداز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ تحسین ہے اور اس کا صحرا اساتذہ کو جاتا ہے جنہوں نے محنت کر کے بچوں کو سکھایا انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات نوجوان نسل میں وطن سے محبت، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور اجتماعی ذمہ داری کا شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور خلوص کے ساتھ ادا کریں گے.

