چیئرمین و میونسپل کمشنر لانڈھی ٹاؤن نے یومِ آزادی کے موقع پر مرکزی دفتر میں پرچم کشائی کردی
کراچی: لانڈھی ٹاؤن کے چیئرمین عبدالجمیل خان نے یومِ آزادی کے موقع پر مرکزی دفتر میں پرچم کشائی کی، جبکہ محکمہ تعلیم لانڈھی ٹاؤن کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی کی تقریب میں بھی شرکت کی، جہاں کیک کٹنگ اور پرچم کشائی کی گئی۔ تقریب میں طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، ٹیبلوز اور تقاریر پیش کیں اور وطن سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔
تقریب سے ٹی ایم سی محمد نواز خان مہر اور ڈائریکٹر ایجوکیشن فہد عباسی کے ہمراہ خطاب کرتے ہوئے عبدالجمیل خان نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔ پاکستان لاکھوں مسلمانوں کی جدوجہد، قربانیوں اور قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی بے مثال قیادت کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔عبدالجمیل خان نے کہا کہ یومِ آزادی صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا دن بھی ہے۔ ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہوگا کہ ہم وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور سلامتی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو مضبوط اور خوشحال بنانے کے لیے اتحاد، نظم و ضبط، دیانت داری اور محنت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ بالخصوص نوجوان نسل تعلیم کے حصول پر بھرپور توجہ دے اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔
چیئرمین لانڈھی ٹاؤن نے کہا کہ ہمیں اپنے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاکستان کی سربلندی، قومی یکجہتی اور ملکی ترقی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔ یہی ہمارے بزرگوں کی قربانیوں کا بہترین صلہ اور آزادی کا حقیقی تقاضا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نئی نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہے، ہمیں نوجوانوں میں حب الوطنی، قومی شعور اور مثبت سوچ کو فروغ دینا ہوگا تاکہ وہ مستقبل میں ملک کو مزید مضبوط اور ترقی یافتہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

