spot_img

سیسی ہیڈ آفس میں 79ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے قومی پرچم لہرایا

سیسی ہیڈ آفس میں 79ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریب، کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے قومی پرچم لہرایا

کراچی:سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) کے ہیڈ آفس میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ یومِ آزادی منایا گیا۔ کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے قومی پرچم لہرایا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ قومی پرچم کشائی کے موقع پر شرکاء نے وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ بعد ازاں یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا، جبکہ سیسی کے سابق ڈائریکٹر حبیب اللہ نے ملی نغمے پیش کرکے تقریب کو حب الوطنی کے جذبے سے سرشار کردیا۔ ملی نغموں پر شرکاء نے بھرپور جوش و خروش کا اظہار کیا۔

تقریب میں سیسی ہیڈ آفس کے تمام ڈائریکٹرز، افسران اور ملازمین کے علاوہ  پیپلز لیبر بیورو سندھ کے صدر حبیب الدین جنیدی نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارے بزرگوں کی لازوال جدوجہد، قربانیوں اور بے مثال عزم کا ثمر ہے۔ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کی قدر و منزلت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے فرائض دیانت داری، محنت اور خلوصِ نیت کے ساتھ انجام دیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ ملکی معیشت اور ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے اور سیسی اپنے دائرہ کار میں آنے والے محنت کشوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سماجی تحفظ، صحت اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

پیپلز اسٹاف یونین سی بی اے کے صدر احمد نواز نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اتحاد، نظم و ضبط، محنت اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے محنت کشوں کے قومی ترقی میں اہم کردار کو بھی اجاگر کیا۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان زندہ باد کے نعروں سے وطنِ عزیز سے اپنی محبت اور وفاداری کا اظہار کیا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں