ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے پیور بلاک روڈکا افتتاح، شجرکاری مہم کا سلسلہ جاری
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور سرسبز و خوبصورت ماحول کے قیام کے لیے ترقیاتی و شجرکاری اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں پیور بلاک روڈ اوریونین کمیٹی نمبر 05 اور اسلامک گرین بیلٹ کا باقاعدہ افتتاح امیر جماعت اسلامی کراچی منعم مظفر خان نے امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین اسحاق تیموری، میونسپل کمشنر دریا خان پتافی، چیئرمینز،وائس چیئرمینز سمیت دیگربلدیاتی افسران اور علاقہ معززین بھی موجود تھے۔
افتتاح کے موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی منعم مظفر خان نے کہا کہ شہر کے بنیادی مسائل کا حل اور عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پیور بلاک روڈز کی تعمیر سے نہ صرف شہریوں کو آمدورفت میں سہولت حاصل ہوگی بلکہ علاقے کی خوبصورتی اور انفراسٹرکچر میں بھی بہتری آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹ اور شجرکاری کا فروغ صحت مند اور صاف ستھرے ماحول کے لیے انتہائی ضروری ہے، اس لیے ایسے اقدامات کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے ٹاؤن میونسپل کارپوریشن لیاقت آباد کی جانب سے جاری ترقیاتی اور شجرکاری سرگرمیوں کو سراہا۔
امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ شہر کو صاف، سرسبز اور خوبصورت بنانا صرف حکومت یا بلدیاتی اداروں کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ گرین بیلٹس کی بحالی اور زیادہ سے زیادہ پودے لگانے سے ماحول کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد ٹاؤن میں شجرکاری اور گرین بیلٹس کی بہتری کے لیے جاری اقدامات قابلِ تحسین ہیں اور ان منصوبوں کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت آباد ٹاؤن کی مختلف یونین کمیٹیوں میں پیور بلاک، گرین بیلٹس کی بحالی اور شجرکاری کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ گزشتہ گرین بیلٹ کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز بھی امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران کی موجودگی میں پودا لگا کر کیا گیا تھا، جس کے بعد اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید گرین بیلٹس میں پودے لگائے جا رہے ہیں۔
