نارتھ کراچی کی یونین کونسل نمبر 2 میں پیور بلاک سے تعمیر 19 گلیوں کا افتتاح
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے یونین کونسل نمبر 2،نارتھ کراچی سیکٹر 5-B/2 میں پیور بلاک سے تعمیر کی جانے والی 19 گلیوں کا افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر،یوسی 2 کے چیئرمین احمر خان،وائس چیئرمین فیضان قریشی، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، ٹاؤن افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، انفرا اسٹریکچر کی بحالی کے ساتھ ساتھ عوام کے درینہ مسائل کو حل کیا جارہا ہے،جشنِ آزادی کے موقع پر نیو کراچی ٹاؤن کے مکینوں کو پختہ گلیاں اور سڑکوں کا تحفہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ روز آنہ کی بنیاد پر عوامی فلاحی منصوبوں کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی کی منتخب قیادت بلا تفریق اپنی خدمات فراہم کررہی ہے۔ عوام نے جس اعتماد کے ساتھ انہیں خدمت کی ذمہ داری سونپی، وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔
محمد یوسف نے کہا کہ اگرچہ بلدیاتی اداروں کو محدود وسائل اور مالی مشکلات کا سامنا ہے، اس کے باوجود نیو کراچی ٹاؤن کی منتخب قیادت اپنی منصوبہ بندی، دیانت داری اور بہتر انتظامی حکمت عملی کے ذریعے ترقیاتی کاموں کو بلا تعطل جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ سڑکیں، گلیاں، پارکس، صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بنیادی بلدیاتی سہولتیں عوام کی دہلیز تک پہنچائی جائیں تاکہ شہریوں کے معیارِ زندگی میں حقیقی بہتری آئے۔ عوام کی خدمت صرف وعدوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہوتی ہے، اور نیو کراچی ٹاؤن میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبے اسی عزم کا ثبوت ہیں۔
