چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان نے تین اہم سڑکوں کا افتتاح کر دیا

چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان نے تین اہم سڑکوں کا افتتاح کر دیا

کراچی: چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان نے لانڈھی ٹاؤن میں تعمیر مکمل ہونے کے بعد تین اہم سڑکوں کا افتتاح کر دیا۔ افتتاح کی جانے والی سڑکوں میں بیوٹی زون تا دارالعلوم 363 روڈ، بسم اللہ چورنگی تا 362 روڈ اور عدنان میڈیکل تا 12000 روڈ شامل ہیں۔

اس موقع پر وائس چیئرمین محمد عمران، کوآرڈینیٹر لانڈھی ٹاؤن اقبال سعید، متعلقہ افسران اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل خان نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ لانڈھی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور نئی سڑکوں کی تعمیر سے شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی جبکہ تجارتی اور سماجی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ لانڈھی ٹاؤن میں ترقی کا سفر کسی ایک منصوبے تک محدود نہیں بلکہ مختلف یوسیز میں ماڈل محلوں کی تعمیر، پارکوں کی بحالی و تعمیر، گلیوں، سڑکوں، سیوریج، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے وسیع پیمانے پر کام جاری ہے۔ ٹاؤن بھر میں 600 سے زائد گلیوں کی تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے جبکہ اہم شاہراہوں اور سڑکوں کی کارپیٹنگ بھی بڑے پیمانے پر کی جا رہی ہے۔

عبدالجمیل خان نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ محدود اختیارات اور وسائل کے باوجود ہم اپنی ذمہ داری سے بڑھ کر عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ پانی، سیوریج اور صفائی ستھرائی جیسے مسائل کے حل کے لیے بھی مسلسل جدوجہد جاری ہے۔ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واٹر کارپوریشن اور دیگر متعلقہ ادارے اگرچہ ٹاؤن کے ماتحت نہیں، تاہم عوامی مسائل کے حل کے لیے ان اداروں سے بھی مسلسل رابطے، پیروی اور بھرپور جدوجہد کے ذریعے کام کروانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا وژن لانڈھی ٹاؤن کی ہر یونین کونسل کو ایک ماڈل یوسی بنانا ہے تاکہ ترقی کے ثمرات ہر محلے اور ہر گھر تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے آج تک لانڈھی ٹاؤن کو ایک روپیہ بھی ترقیاتی فنڈ فراہم نہیں کیا، تاہم اس کے باوجود اپنی محنت، بہتر منصوبہ بندی اور محدود وسائل کے مؤثر استعمال کے ذریعے زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام مکمل کیے جا رہے ہیں۔

چیئرمین لانڈھی ٹاؤن نے کہا کہ سڑکوں، گلیوں، پارکوں اور دیگر عوامی منصوبوں کی تکمیل دراصل اہلِ لانڈھی کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے اور ان شاء اللہ عوام کے تعاون سے لانڈھی کی تعمیر و ترقی کا یہ سفر مزید تیزی کے ساتھ جاری رہے گا۔

تقریب کے اختتام پر علاقہ مکینوں نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین لانڈھی ٹاؤن اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں