عیدالاضحیٰ کے پہلے روز صدر ٹاؤن میں صفائی آپریشن جاری، آلائشیں اٹھانے اور چونا چھڑکاؤ کا عمل تیز
کراچی: چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ کی خصوصی ہدایات پر عیدالاضحیٰ کے پہلے روز صدر ٹاؤن کی مختلف یونین کمیٹیوں اور علاقوں میں خصوصی صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری رہا۔ بلدیاتی عملے کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں فوری طور پر اٹھانے کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا گیا تاکہ ماحول کو صاف ستھرا اور جراثیم سے پاک رکھا جا سکے۔
صدر ٹاؤن انتظامیہ کے مطابق عید کے موقع پر صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کے تحت عملہ صبح سویرے ہی فیلڈ میں متحرک رہا اور مختلف علاقوں سے آلائشوں کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا گیا۔ اس دوران گلیوں، محلوں اور اہم شاہراہوں پر چونے کا چھڑکاؤ اور جراثیم کش اسپرے بھی کیا گیا تاکہ تعفن اور آلودگی سے شہریوں کو محفوظ رکھا جا سکے۔
چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے متعلقہ افسران اور صفائی عملے کو ہدایت جاری کی ہے کہ عید کے تینوں دن صفائی آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے اور شہریوں کو ہر ممکن بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے صفائی عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کو صاف اور بہتر ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
صدر ٹاؤن انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں اور صفائی عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ صفائی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
