سیوریج، سڑکیں اور صفائی جیسے بنیادی مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے:چیئرمین محمد یوسف
کراچی: ٹاؤن چیئرمین محمد یوسف کی سربراہی میں نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔
سیکٹر 5-E مدینہ کالونی میں نئی سیوریج لائن کی تنصیب کا کام مکمل جبکہ گلیوں کو پیور بلاک سے تعمیر کرکے پختہ کر دیا گیا۔ علاقہ مکینوں نے ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا
۔چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کا علاقے میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اس موقع پر یوسی 07 کے وائس چیئرمین عدنان رضی، کونسلرز اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ عوام نے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا استقبال کیا اور مسائل کے حل پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر عوام سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر بلا تعطل جاری ہے۔ٹاؤن کی ہر یونین کونسل میں بلا تفریق جماعت اسلامی کے منتخب نمائندے محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت کا مشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہ ٹاؤن انتظامیہ اپنے اختیار سے بڑھ کر عوامی مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔ سیوریج، سڑکیں اور صفائی جیسے بنیادی مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ بلدیاتی سہولیات ہر شہری کی دہلیز تک پہنچیں۔ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے اور ہم اس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سیاست کا اصل مقصد خدمت ہے۔ اگر نیت صاف ہو تو محدود وسائل میں بھی بڑے کام کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نیو کراچی کے تمام علاقوں میں مرحلہ وار ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔
