کورنگی ٹاؤن میں جاری ”کلین اینڈ گرین کورنگی“ مہم چوتھے روز بھی جاری
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے مختلف یونین کمیٹیز کا دورہ کر کے صفائی ستھرائی، خوبصورتی اور ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خصوصی طور پر یوسی 2 کا بھی دورہ کیا جہاں جاری صفائی مہم اور ہیوی مشینری کے ذریعے ہونے والے آپریشن کا معائنہ کیا گیا۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے “کلین اینڈ گرین کورنگی” مہم کے تحت یوسی 2 میں سڑکوں، گلیوں، بازاروں، گرین بیلٹس اور فٹ پاتھوں کی صفائی کے کاموں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ہر علاقے میں یکساں طور پر کام جاری رکھا جائے۔ یوسی 2 کے دورے کے دوران چیئرمین نے ہیوی مشینری کے ذریعے کچرے کی منتقلی، ملبہ اٹھانے اور نالوں کی صفائی کے عمل کا معائنہ کیا۔
انہوں نے عملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہم کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے اس موقع پر کہا کہ “کلین اینڈ گرین کورنگی” مہم کا مقصد صرف صفائی نہیں بلکہ پورے ٹاؤن کو خوبصورت، سرسبز اور مثالی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر یونین کمیٹی میں مرحلہ وار صفائی، شجرکاری، فٹ پاتھوں کی مرمت اور رنگ و روغن کے کام جاری رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ خود روزانہ مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ عوامی مسائل کو موقع پر حل کیا جا سکے اور صفائی مہم کی رفتار کو مزید تیز کیا جا سکے۔ یوسی 2 میں موجود بلدیاتی نمائندوں اور افسران نے چیئرمین کو جاری کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ علاقہ مکینوں نے بھی صفائی مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔ مہم کے چوتھے روز سینی ٹیشن عملے نے مختلف علاقوں میں جھاڑو، کچرے کی منتقلی، نالوں کی صفائی اور گرین بیلٹس کی صفائی کے کام جاری رکھے، جبکہ پارکس اور خالی مقامات پر شجرکاری کے اقدامات بھی کیے گئے تاکہ شہریوں کو ایک بہترین اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔
