شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے: محمد یوسف

شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے: محمد یوسف

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نارتھ کراچی کی مصروف ترین شا ہراہ دو منٹ چورنگی پر واقع مرکزی نالے کی صفائی کے کام کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود رہ کر متعلقہ محکموں کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔تفصیلات کے مطابق مین شاہراہ سے متصل نالہ چوک ہونے کے باعث سیوریج کا پانی آگے نہیں بڑھ رہا تھا جس کے نتیجے میں علاقے میں بدبو اور تعفن پھیل گیا تھا اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔

صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے فوری ایکشن لیتے ہوئے نالے کی صفائی اور پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔ٹاؤن کے محکمہ انسداد تجاوزات نے کارروائی کرتے ہوئے نالے پر قائم ناجائز تجارتی تجاوزات اور ٹھیلے اور پتھاروں کو ہٹا کر نالے کو کلیئر کیا، جبکہ سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ نے مشینری اور عملے کی مدد سے نالے کی صفائی مکمل کر کے پانی کی روانی کو بحال کیا۔ صفائی کے بعد نالے میں جمع پانی کی نکاسی ممکن ہوئی اور سیوریج کا پانی معمول کے مطابق آگے بڑھنے لگا جس سے علاقے میں تعفن اور بدبو میں واضح کمی آئی۔

چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تجاوزات کے باعث نالوں اور سیوریج لائنوں کی بندش ناقابل برداشت ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں صفائی، نکاسی آب اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے مستقل بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جا سکے۔محمد یوسف نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ نالوں اور سیوریج لائنوں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے اور کسی بھی مقام پر رکاوٹ پیدا ہونے کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر کے تمام نالوں سے تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے اور نالوں کے اندر بچھائی گئی پانی، بجلی اور گیس کی غیر قانونی لائنوں کو ہنگامی بنیادوں پر ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نالوں پر قائم تجاوزات اور اندر موجود یوٹیلیٹی لائنیں پانی کی روانی میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہیں، جس کے باعث نکاسی آب کا نظام شدید متاثر ہوتا ہے۔

چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ انہی رکاوٹوں کی وجہ سے نالوں میں چوک پوائنٹس پیدا ہوتے ہیں، جہاں کچرا جمع ہو کر صورتحال کو مزید خراب کر دیتا ہے، جس کے نتیجے میں بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگر تجاوزات اور غیر قانونی لائنوں کو مستقل بنیادوں پر ختم کر دیا جائے تو نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور شہریوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں