کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو اور ممبران گورننگ باڈی سیسی سے سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو اور ممبران گورننگ باڈی سیسی سے سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

کراچی: کمشنر سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن (سیسی) ہادی بخش کلہوڑو اور ممبران گورننگ باڈی سیسی عبدالواحد شورو، انجینئر عبدالجبار اور زہرہ خان سے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے ایک وفد نے سیسی ہیڈ آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وائس کمشنر سیسی سکندر بلوچ، میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر کامران اعوان، چیف میڈیکل آفیسرز، ڈائریکٹر سائٹ ایسٹ ڈائریکٹوریٹ اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد میں سینئر وائس پریزیڈنٹ خالد ریاض، وائس پریزیڈنٹ طاہر گوریجہ اور دیگر اراکین شامل تھے۔ وفد نے سوشل سیکورٹی ولیکا ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال، مریضوں کو درپیش مشکلات، ادویات کی دستیابی اور لیبارٹری و ایکسرے سہولیات سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر کامران اعوان نے وفد کو آگاہ کیا کہ مذکورہ مسائل پر خاطر خواہ قابو پا لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں صفائی کے انتظامات بہتر بنائے گئے ہیں، ایکسرے مشین مکمل طور پر فعال ہے جبکہ لیبارٹری کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، تمام شعبہ جات میں آگ بجھانے کے حفاظتی آلات فراہم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیسی نے چار بڑے ہسپتال پینل پر شامل کیے ہیں تاکہ ایسے مریض جن کا علاج سیسی کے اپنے ہسپتالوں میں ممکن نہ ہو، انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ کینسر کے مریضوں کے علاج پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور اس ضمن میں خطیر فنڈز خرچ کیے جا رہے ہیں۔ بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ماہر کنسلٹنٹس کو کنٹریکٹ پر تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید  بتایا کہ ادویات کی فراہمی کو شفاف بنانے کے لیے HIMS سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے۔

ڈائریکٹر کنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ وسیم جمال نے بتایا کہ ادارے میں ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے، جس کے لیے جدید کمپیوٹرز اور لیپ ٹاپ کی خریداری زیر غور ہے۔ شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہیلپ ڈیسک (کمپلین سیل) بھی قائم کیا گیا ہے۔

گورننگ باڈی کے رکن انجینئر عبدالجبار نے اس موقع پر کہا کہ صنعتکاروں اور سیسی انتظامیہ کے درمیان اس نوعیت کی مشترکہ ملاقاتیں مزدوروں کے مسائل کے حل میں انتہائی معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے اس سلسلے کو مستقبل میں بھی جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ گورننگ باڈی کی رکن زہرہ خان نے کہا کہ صنعتکاروں کے نمائندگان کو ہاسپٹل مینجمنٹ کمیٹی کے ذریعے باقاعدگی سے ہسپتالوں کے دورے کرنے چاہئیں اور زیادہ سے زیادہ ورکرز کو سوشل سیکورٹی اسکیم میں رجسٹر کرایا جائے تاکہ مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو سوشل سیکورٹی کی مفت علاج و معالجہ کی سہولت حاصل ہو سکے۔

کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس ملاقات کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ صنعتکاروں اور محنت کشوں کے مسائل کے حل کے لیے اس نوعیت کی مشاورت نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے دیگر ٹریڈ ایسوسی ایشنز کے ساتھ بھی ایسے روابط بڑھانے پر زور دیا۔ ملاقات کے اختتام پر کمشنر سیسی نے وفد کو یادگاری شیلڈ اور روایتی سندھی اجرک پیش کی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں